پرتگال اور سربیا کا فٹبال میچ 2-2  گول سے برابر، رونالڈو  کو جرمانہ 

Mar 29, 2021 | 10:39:AM
پرتگال اور سربیا کا فٹبال میچ 2-2  گول سے برابر، رونالڈو  کو جرمانہ 
کیپشن: پرتگال اور سربیا کے درمیان فٹبال میچ کا منظر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)ورلڈ کپ کووالیفائنگ راؤنڈ کیلئے کھیلے جانیوالا پرتگال اور سربیا کے درمیان فٹبال میچ 2-2  گول کے ساتھ ڈرا ہو گیا لیکن میچ کے اختتام سے چند لمحے قبل پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو غصے میں گراؤنڈ چھوڑکر چلے گئے۔

تفصیلات کے مطابق سربیا کیلئے ورلڈکپ میں جگہ بنانے کا یہ اچھا موقع تھا لیکن پرتگال کے ڈیوگو جوٹا نے 2 ہیڈر سکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلوائی تھی۔ دوسرے ہاف میں سربیا میچ میں واپس آیا اور اس کی طرف سے ایلکسینڈر میٹرووک اور فلپ کوسٹک نے ایک ایک گول کیا۔ لیکن مہمان ٹیم پرتگال اس بات پر کافی ناراض ہوئی جب رونالڈو نے میچ کے آخری لمحات میں گول کیا مگر ریفری نے فیصلہ کیاکہ اسے روک لیا گیاتھا۔ بہت سے شائقین کے خیال میں رونالڈو کے گول سے پرتگال میچ جیت سکتا تھا تاہم بعض کے خیال میں ریفری کا فیصلہ درست تھا۔ رونالڈو کو لگاکہ انکی کک صحیح نشانے پر لگ چکی ہے مگر ریفری نے فیصلہ کیا کہ ایسا نہیں ہوا۔ میچ کیلئے گول لائن ٹیکنالوجی دستیاب نہیں تھی۔ پرتگال کے سب سے زیادہ گول سکور کرنے والے رونالڈو کو احتجاج کرنے پر جرمانہ بھی کیاگیا۔ میچ کے اختتام سے صرف چند لمحے پہلے انہوں نے بازو پر بندھا ہوا اپنی کپتانی کا بیج پھینک دیا اور گراؤنڈ سے چلے گئے۔

سماجی رابطے کہ ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک پیغام میں رونالڈو نے لکھاکہ ایسے لمحات برداشت کرنا مشکل ہوتاہے جب پوری قوم کو سزا دی جارہی ہو۔ ہم اپنے سر بلند رکھیں گے اور اگلے چیلنج کا سامنا کریںگے۔ پرتگال کے کوچ فرنانڈو سینٹوس نے کہاکہ ریفری نے میچ کے بعد مجھ سے معذرت کی اور اب ہم آگے بڑھ چکے ہیں۔ یہ واضح طورپر ہمارا گول تھا مگر اب ہم اس بارے میں کچھ نہیں کرسکتے۔ فرسٹ ہاف میں میچ ہمارے کنٹرول میں تھا لیکن دوسرے ہاف میں ہماری توجہ ہٹی اور ہم سربیا کو روکنے میں ناکام ہوئے۔