عید الاضحیٰ کا دوسرا نام،دستر خوان کے چٹ پٹے پکوان

Jun 28, 2023 | 11:16:AM
 عیدالاضحی کی آمد آمد ہے۔ یقیناً آپ کی مصروفیات میں اضافہ ہوگیا ہوگا۔ عید کے بعد ہفتوں دعوتوں کے سلسلے کیلئے نت نئے پکوان کی تراکیب بھی معلوم کررہے ہوں گے۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) عیدالاضحیٰ کے بعد دعوتوں کے سلسلے جاری ہیں،نت نئے پکوان بنائے جارہے ہیں۔ان پکوانوں میں ایک بہترین پکوان یہ بھی ہے۔

تکّہ بوٹی: 

اگر کچھ نیا اور مزیدار بنانے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں تو تکّہ بوٹی کی یہ ریسیپی ضرور آزمائیں، عید الاضحیٰ پر ڈنر یا لنچ میں تکّہ بوٹی بنائی جا سکتی ہے۔

اجزاء:

500 گرام چکن ہڈی کے بغیر، ادرک لہسن کا پیسٹ 2 چمچ، لال مرچ پاؤڈر 1 چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، زیرہ پاؤڈر ¼ چائے کا چمچ، کالی مرچ پاؤڈر حسب ذائقہ، نمک حسب ذائقہ، تیل حسب ضرورت، دہی پھینٹا ہوا 2 یا3 کپ، لیموں کا رس 4 چمچ، تازہ دھنیا کٹا ہوا 1 کھانے کا چمچ۔

ترکیب:

ایک پیالے میں گوشت، ہلدی پاؤڈر، لال مرچ پاؤڈر، زیرہ پاؤڈر کے ساتھ نمک، کالی مرچ، ادرک لہسن کا پیسٹ اور 1 کھانے کا چمچ تیل مکس کریں اور پھر اس میں دہی اور لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں، اس کے بعد اسے میں کٹا ہوا تازہ ہرا دھنیا ملائیں پھر اسے 2 گھنٹے تک میرینیٹ کرنے کے لیے چھوڑ دیں، اس کے بعد اسے اوون میں 15 منٹ تک بیک کریں یا اچھی طرح سے چکنائی والے گرل پین میں چولہے پر اس وقت تک گِرل کرلیں جب تک کہ گوشت نرم اور اچھی طرح پک نہ جائے، اب لذیذہ تکّہ بوٹی کو سلاد کے پتوں پر پیاز، لیموں اور تازہ دھنیا چھڑک کر پیش کر سکتے ہیں۔

اٹالین کباب: 

اجزاء:

 قیمہ ایک پاؤ،انڈے تین عدد،ڈبل روٹی، پنیر چار کھانے کے چمچے،نمک حسب ذائقہ،سیاہ مرچ حسب ذائقہ، ہرا دھنیا حسب ذائقہ، تیل فرائنگ کے لیے۔

ترکیب:

 ڈبل روٹی سوکھی ہو تو پانی میں بھگو کر نچوڑ لیں پھر اسے قیمہ میں ڈالی کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ اب اس میں انڈے، نمک، مرچ، ہرا دھنیا اور پنیر ملا کر یک جان کر لیں۔ اب گول کباب بنا کر کارن فلور لگا کر تیل میں سرخ سرخ فرائی کر لیں۔ نہایت لذیذ اور عمدہ اطالوی کباب تیار ہیں۔ سرونگ پلیٹ میں نکال کر پراٹھوں کے ساتھ پیش کریں۔

قندھاری ران روسٹ:

اجزاء: 

بکرے کی ران 1-1/2کلو، کچری پاؤڈر 3 کھانے کے چمچ، انار کا سرکہ 2 کھانے کے چمچ، لہسن ادرک پاؤڈر 1کھانے کا چمچ،جائفل جاوتری پاؤڈر 1/4چائے کا چمچ،کالی مرچ پاؤڈر 1 کھانے کا چمچ، چلی پیسٹ 2 کھانے کے چمچ، نمک حسبِ ذائقہ،تیل فرائنگ کیلئے۔

ترکیب: 

پیالے میں انار کا سرکہ، کچری پاؤڈر، نمک، لہسن ادرک پاؤڈر، جائفل جاوتری پاؤڈر‘، کالی مرچ پاؤڈر اور چلی پیسٹ ڈال کر مکس کریں، ران کو اچھی طرح دھو کر کٹ لگا دیں۔ ران پر مصالحے کا آمیزہ لگا کر 5-6 گھنٹے کیلئے میرینیٹ کریں۔ ایک بڑی دیگچی یا کڑاہی میں تیل گرم کر کے ران ڈال کر فرائی کریں، آنچ درمیانی رکھیں، ایک طرف سے سنہری ہوجائے تو پلٹ کر دوسری سائیڈ سے فرائی کرلیں، سرونگ پلیٹ میں نکال کر لیموں اور حسب پسند چٹنی کے ساتھ سرو کریں۔

کلیجی: 

اجزاء: 

کلیجی ایک کلو، میدہ ایک کھانے کا چمچ، تیل ایک پیالی، نمک حسب ذائقہ، پسی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، پسی ہلدی ایک چائے کےچمچ، پسا دھنیا ایک چائے کا چمچ،دہی ڈیڑھ پیالی، ٹماٹر کا پیسٹ دوکھانے کے چمچ، پیاز ایک کپ (باریک چوپ کر لیں)۔

لہسن پیسٹ ایک چائے کا چمچ، ادرک کاپیسٹ ایک چائے کا چمچ، لونگ چار عدد، ثابت کالی مرچیں چھ عدد، دار چینی ایک درمیانہ ٹکڑا، چھوٹی الائچی تین عدد، ثابت دھنیا ایک کپ (چوپ کرلیں)، ہری مرچیں تین عدد، گرم مسالہ پاوڈر ڈیڑھ چائے کے چمچ۔

ترکیب: 

فرائی پین میں تیل گرم کر یں۔ کلیجی صاف کر کے میدہ لگائیں اور گرم تیل میں تل لیں۔ تیل گرم کر کے پیاز سرخ کر لیں۔ اب اس میں لونگ، سیاہ مرچیں، دار چینی، الائچی، لہسن، ادرک کاپیسٹ، نمک ،پسی لال مرچ، پسی ہلدی اور پسا دھنیا ڈال کر بھونیں، بعد ازاں حسب ِضرورت پانی ڈال کرڈھانپ دیں اور درمیانی آنچ پر اتنی دیر تک پکائیں کہ کلیجی گل جائے ا س کے بعد دہی، ٹماٹر کا پیسٹ ملا کر کلیجی میں ڈال کر مزید بھونیں۔ آخر میں ہرا دھنیا ، ہری مرچیں ، گرم مسالہ پائوڈر ڈال کر نان کے ساتھ گرم گرم پیش کریں۔