کون ہے محسن نقوی ۔۔۔

تحریر: صبیح الدین شعیبی

Jan 21, 2023 | 15:41:PM
کون ہے محسن نقوی ۔۔۔
کیپشن: محسن رضا نقوی
سورس: 24 NEWS
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

اسے کئی بار دیکھا عوام کے بیچوں بیچ انہیں کھانا کھلاتے، کبھی پنجاب انسٹٹیوٹ آف کارڈیولوجی میں، کبھی مینٹل اسپتال کے گراؤنڈ میں اور کبھی قائد اعظم انڈسٹریل اسٹیٹ  میں۔ اس کانام محسن ہے اور اسے اپنے نام کے عین مطابق نیکی کرنا پسند ہے۔

نیکی کابدلہ نیکی کے سوا اور کیا ہے؟

سید محسن رضا نقوی 6 نیوز چینلز اور ایک اخبار پرمشمتل سٹی نیوز نیٹ ورک کے مالک ہیں، مطلب میڈیا ٹائیکون ہیں، میڈیا ٹائیکون کا لفظ سنتے ہیں ذہن میں کسی روایتی بادشاہ کا تصور ابھرتا ہے مگر محسن صاحب کو دیکھ کر ان سے بات کر کے، ان کے ساتھ کام کر کے ایسا بالکل نہیں لگتا۔ زندگی کا کچھ حصہ امریکا میں گزار کر آئے ہیں مگر انہوں نے سادگی نہیں چھوڑی۔ اب بھی چھوٹے بڑے ہر ایک سے مسکرا کر ملتے ہیں، بات سنتے ہیں اور مشکل کو فوری حل کرانے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔ ادارے کے کئی ملازمین کے مسائل کو انہوں نے ذاتی توجہ اور کوشش سے حل کرایا، کسی سیٹھ کو کیا فرصت کہ وہ ملازمین کی الجھنیں سلجھاتا رہے، ہاں محسن کے پاس ایسے کاموں کیلئے وقت نکل ہی آتا ہے۔

محسن نقوی نرم لہجے مگر سخت اصولوں والے آدمی ہیں۔ انتہائی مصروفیت کے بعد باوجود وہ ادارے کے چھوٹے بڑے سبھی امور کی براہ راست نگرانی کرتے ہیں۔ تمام عملے کی خبر گیری کرتے ہیں۔ کورونا وبا کے دنوں انہوں نے ملازمین کا خیال ایسے رکھا جیسے گھر والے رکھتے ہیں۔

انہوں نے شفافیت اور احتساب کا ایسا مثالی نظام نافذ کر رکھا ہے کہ کسی بے ضابطگی یا بددیانتی کی گنجائش نہیں۔ شکایتوں کے ازالے کا نظام ایسا ہے کہ کئی بار شکایت کے چند منٹ کے اندر ہی مسئلہ حل ہوگیا۔

محسن صاحب کو اہل تشیع کہہ کر ان پر اور ادارے پر تنقید کی گئی مگر  تنقید کرنے والے نہیں جانتے کہ ادارے کی مسجد کے پیش امام کا مسلک دیو بندی ہے اور ملازمین کی اکثریت بھی سنی ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ صرف عاشور ہی نہیں، جشن آمد رسول صل اللہ علیہ وسلم کے جلوس بھی جوش و خروش سے دکھائے جاتے ہیں اور چھوٹے بڑے عرس بھی ٹوینٹی فور نیوز کی اسکرین پر جگہ پاتے ہیں۔ ملازمین کیلئے ۔حج عمرہ اور زیارتوں کے انتظام میں محسن صاحب اور سٹی نیوز نیٹ ورک نے وہ مثال قائم کی ہے کہ اب تک کوئی دوسرا نہیں کرسکا۔

سٹی نیوز نیٹ ورک کو جس محبت اور محنت سے محسن نقوی نے چلایا ہے۔ اسے دیکھ کر یہی کہا جا سکتا ہے کہ اگر وزارت اعلیٰ انہیں مل گئی تو پنجاب کے دن پھرنے والے ہیں۔