شیخ رشید پر قاتلانہ حملے کی منصوبہ بندی،ٹی ایل پی کا کارکن گرفتار،اہم انکشافات

Apr 21, 2021 | 13:54:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) لاہور کے  یتیم خانہ چوک سے گرفتار مسلح شخص نے دوران تفتیش تہلکہ خیز  انکشافات کردیئے۔

پولیس کے مطابق یتیم خانہ چوک سے گرفتار اشرف نامی مسلح شخص نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ گھر سے لانگ مارچ کی تیاری کرکے آیا تھا،  وزیر داخلہ شیخ رشید پر حملہ کرنے کیلئے پستول رکھا ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم تحریک لبیک کا کارکن ہے، کالعدم تحریک لبیک سے کئے وعدے پورے نہ ہونے پر ملزم غصے میں تھا، ملزم کے خلاف ناجائز اسلحہ رکھنے کا مقدمہ نواں کوٹ میں درج کرلیا گیا۔ 

واضح رہےکہ فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کے مسئلے پر کئی روز سے ملک بھر اور خصوصاً لاہور کے ملتان روڈ پر  کالعدم تحریک لبیک کی جانب سے احتجاج جاری رہا، پولیس اور کالعدم تحریک لبیک کے کارکنوں  میں جھڑپیں بھی ہوئیں، کشیدہ صورتحال میں جانی و مالی نقصان بھی ہوا، حالات کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ  سعد رضوی کی گرفتاری کے بعد زیادہ خراب ہوئے،حکومتی سطح پر صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں بھی کی گئیں۔

علمائے کرام نے بھی اپنا کر دار ادا کیا،جیل میں سعد رضوی سے علمائے کرام اور حکومتی وفود ملاقاتیں کرتے رہے اور آخر کار پیر اور منگل کی درمیانی کوششیں رنگ لے آئیں اور مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ مذاکرات میں حکومت نے یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ  قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر فرانسیسی سفیر کی ملک بدری کی قرارداد پیش کرے گی، جو گزشتہ روز حکومت نے پیش کردی، حکومت کی جانب سے وعدہ پورا ہونے پر تحریک لبیک نے دھرنے ختم کردیئے۔