چودھری برادران کو نیب سےبڑاریلیف ، 20 سال بعد تمام کیس ختم

Jan 20, 2021 | 12:16:PM
 چودھری برادران کو نیب سےبڑاریلیف ، 20 سال بعد تمام کیس ختم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)چودھری برادران کو  نیب  سے بڑا ریلیف مل گیا۔قومی احتساب بیورو نے  چودھری شجاعت اور پرویزالہیٰ کے خلاف 20 سال بعد تمام کیسز بند کر دئیے۔ نیب پراسیکیوٹر نے لاہور ہائیکورٹ میں بیان دیتے ہوئے کہاہے  کہ ہم نے تمام انکوائریاں بند کر دی ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں  جسٹس صداقت علی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے چودھری برادران کی چیئرمین نیب کے اختیارات کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔ ڈی جی نیب شہزاد سلیم رپورٹ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔  وکیل چودھری برادران نے کہا کہ ڈپٹی پراسکیوٹر جنرل نیب نے عدالت کو بتایا کہ چودھری پرویز الٰہی، چودھری شجاعت حسین اور دیگر خاندان کیخلاف انکوائری بند کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ نے ڈی جی نیب کے بیان کی روشنی میں چودھری برادران کی نیب کے خلاف درخواستیں نمٹا دیں۔

درخواستگزار نے موقف اپنایا کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کرنے والا ادارہ ہے، نیب کے کردار اور تحقیقات کے غلط انداز پر عدالتیں فیصلے بھی دے چکی ہیں، نیب نے 20 سال قبل آمدن سے زائد اثاثہ جات کی مکمل تحقیقات کیں مگر ناکام ہوا، ہمارا سیاسی خاندان ہے، سیاسی طور انتقام کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

 واضح رہے چودھری برادران نے نیب کی جانب سے دوبارہ تحقیقات کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ نیب لاہور اس سے قبل چودھری برادران کے خلاف غیر قانونی بھرتیوں اور بینک نادہندگی کی تحقیقات بھی بند کر چکا ہے۔