پی ایس ایل 9: اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ملتان سلطانز نے 5 وکٹوں سے میدان مار لیا

Feb 20, 2024 | 18:42:PM
پی ایس ایل 9: اسلام آباد یونائیٹڈ کیخلاف ملتان سلطانز نے 5 وکٹوں سے میدان مار لیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(افضل بلال) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے پانچویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 میں ملتان سلطانز کی فتوحات کا سلسلہ جاری ہے، ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہوم گراؤنڈ میں شکست دے دی، ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کا 145 کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں پورا کر لیا، عمدہ گیند بازی کرنے پر ملتان سلطانز کے محمد علی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے ریزا ہینڈریکس 46 گیندوں پر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 58 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، ان کے علاوہ کپتان محمد رضوان نے 33 گیندوں پر 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 43 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جبکہ افتخار احمد 17 گیندوں پر 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے سپیڈ سٹار نسیم شاہ نے مقررہ 4 اوورز میں 27 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایماد وسیم، ٹیمل ملز اور کپتان شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ نافع کا پسندیدہ بلے باز کون؟ نوجوان کھلاڑی نے خود ہی بتا دیا

پہلے بلے بازی کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے باز ملتان کے گیند بازوں کی نپی تلی گیند بازی کے سامنے بے بس نظر آئے، سلمان علی آغا اور جورڈن کوکس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز کریز پر جم کر نہ کھیل سکا، سلمان علی آغا نے 43 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے، تاہم جورڈن کوکس نے 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد علی اور عباس آفریدی نے بالترتیب 19 اور 33 رنز کے عوض 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، اسامہ میر نے 2 جبکہ ڈیوڈ ویلی نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

قبل ازیں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ٹاس کے موقع پر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ دوسری اننگز میں اوس پڑنے کی توقع ہے اس لئے گیند بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا اور بیٹرز کو مدد ملے گی، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے, شاہنواز دہانی کی جگہ اولی سٹون آج کا میچ کھیلیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے، بطور پروفیشنل ہمیں ہر صورتحال کے لیے تیار رہنا ہوتا ہے، بچ گیلی لگ رہی ہے دیکھتے ہیں کیسا کھیل ہوتا ہے، ہماری بولنگ اچھی ہے، لڑکے اچھا پرفارم کر رہے ہیں، میچ میں کامیابی حاصل کریں گے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، حیدر علی کی جگہ جارڈن کاکس کو شامل کیا گیا ہے۔