شدید دھند، موٹروے پر ٹریفک متاثر، پروازیں منسوخ
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے سبب حد نگاہ نہ ہونے کے برابر رہ گئی۔ موٹروے اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ لاہور ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی متاثر ہوا جس کے سبب 13 پروازیں منسوخ اور 13 ہی تاخیر کا شکار ہوئیں۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروےایم تھری لاہور سے عبد الحکیم تک دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔ ملتان سے خانیوال موٹروے بھی شدید دھند کے باعث بند ہے ۔موٹر وے ایم فائیو ملتان سے سکھر ،موٹروے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے شام کوٹ پر ٹریفک کو جانے سے روک دیا گیا۔ قومی شاہراہ پر لاہور ، چوہنگ موہلنوال، مانگا منڈی ، پھول نگر ,جمبر میں بھی شدید دھند چھائی ہے۔ پتوکی،حبیب آ باد ، رینالہ خورد ، اوکاڑہ میں شدید دھند کی اطلاعات ہیں۔ ساہیوال ، چیچہ وطنی، کسوال ، اقبال نگر کے علاوہ گیمبر ،ہڑپہ ، میاں چنوں، خانیوال اور ملتان کو بھی کہر نے لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ قومی شاہراہ پر ان علاقوں میں حد نگاہ 30میٹر ہے ۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے پولیس کی جانب سے جاری ہدایات پر عمل کیا جائے۔ غیر ضروری سفر سے حتی الامکان گریز کیا جائے۔ روڈ یوزرز آگے اور پیچھےدھند والی لائٹس کا استعمال کر یں۔ تیز رفتاری سے پرہیز کر یں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔معلومات اور مدد کےلئے ہیلپ لائن 130 سے رابطہ کر یں۔ موٹروے پولیس کی ہمسفر ایپ سے بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔