فیس بک نے صارفین کے لیے دلچسپ فیچر متعارف کروا دیا

Jul 16, 2022 | 11:03:AM
فائل فوٹو
کیپشن: فیس بک نے صارفین کے لیے دلچسپ فیچر متعارف کروا دیا
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

میٹا نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک کے صارفین کے لیے بڑی تبدیلی کرنے کا اعلان کردیا، اب فیس بُک صارفین بیک وقت ایک اکاؤنٹ سے 5 پروفائلز منسلک کرسکیں گے۔

میٹا کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے صارفین کی ایپ میں دلچسپی بڑھے گی اور وہ باآسانی مختلف گروپس کے لیے مختلف مواد شیئر کرسکیں گے۔اس نئے فیچر کے تحت فیس بک صارفین اپنے مشاغل جیسے کھانا پکانا، سیاحت یا دیگر کے مطابق پروفائلز بناسکیں گے۔اسی طرح وہ ایک الگ پروفائل بھی بناسکیں گے جو مخصوص دوستوں یا گھر والوں سے رابطے کے لیے ہوگی۔

میٹا کا کہنا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ہر صارف کے پاس صرف ایک مرکزی فیس بک اکاؤنٹ ہو جو اس کے اصل نام پر ہو۔صارف اس مرکزی اکاؤنٹ میں لاگ ان ہونے کے بعد اپنے بنائے گئے کسی بھی اضافی پروفائل تک رسائی حاصل کرسکے گا۔میٹا کے مطابق ایک سے دوسری پروفائل پر سوئچ کرنا بہت آسان ہوگا۔

فیس بک کو اس وقت مختلف ایپس جیسے ٹک ٹاک، ٹوئٹر کے علاوہ میٹا کی اپنی ہی فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام سے سخت مسابقت کا سامنا ہے، جس کے باعث میٹا کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے ہرممکن کوششں کر رہا ہے۔

اس تبدیلی سے فیس بک اپنے صارفین کو ان کی شناخت نیم گمنام رکھنے کی باضابطہ اجازت دے رہا ہے، تاہم فیس بک کے مطابق صارفین کو پروفائلز کے لیے پلیٹ فارم کے دیگر قوانین کی پابندی کرنا لازمی ہوگا جن میں مخصوص مواد جیسے نفرت انگیز مواد اور تشدد کی دھمکیوں وغیرہ کو پوسٹ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ان پروفائلز کو کسی دوسرے صارف کی شناخت اختیار کرنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔

میٹا کے ایک ترجمان کے مطابق کمپنی کی جانب سے اس نئے فیچر کی آزمائش چند مخصوص ممالک میں کی جارہی ہے۔مذکورہ نیا فیچر کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا، اس حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔