52اہم اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں مقرر نہ ہوسکیں 

Aug 13, 2026 | 20:43:PM
52اہم اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں مقرر نہ ہوسکیں 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(بابر شہزاد تُرک)کابینہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی کی منظوری کے باوجود 52 اہم اور جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں مقرر نہ ہوسکیں، وزارت صحت نے قیمتوں کی وفاقی کابینہ سے منظوری کیلئے وزیراعظم سے ملاقات کا وقت مانگ لیا ہے۔

 ذرائع کے مطابق وزیراعظم سے ملاقات میں وزیر صحت مصطفیٰ کمال اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب شریک ہوں گے، جبکہ وفاقی سیکریٹری صحت اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ بھی ملاقات میں موجود ہوں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ 52 جان بچانے والی ادویات کی قیمتیں کابینہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی پہلے ہی منظور کرچکی ہے، تاہم وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر ان ادویات کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جاسکتا، کابینہ کی منظوری کے بعد ڈریپ ادویات کی زیادہ سے زیادہ خوردہ قیمتیں مقرر کرے گا۔

 وزارت صحت وزیراعظم کی منظوری سے معاملہ وفاقی کابینہ میں پیش کرنا چاہتی ہے، جبکہ ضروری ادویات کے ہارڈ شپ کیسز کی منظوری کیلئے بھی وزیراعظم سے درخواست کی جائے گی، ذرائع کے مطابق ادویہ ساز کمپنیوں نے موجودہ قیمتوں پر ادویات کی مسلسل سپلائی برقرار رکھنا مشکل قرار دیا ہے، جس کے باعث متعدد ضروری ادویات کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ درجنوں رجسٹرڈ ادویات قیمتوں کی منظوری کے باوجود مارکیٹ میں دستیاب نہیں ہیں۔

 ذرائع کے مطابق ہارڈ شپ کیسز میں انفلوئنزا ویکسین اور کینسر کے مریضوں کے لیے مارفین بھی شامل ہے، کابینہ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی نے 24 جولائی کو 52 ادویات کی قیمتیں منظور کی تھیں، سینیٹر محمد اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے ڈریپ ڈرگ پرائسنگ کمیٹی اور پالیسی بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں قیمتوں کی منظوری دی تھی، ذرائع کے مطابق 52 ادویات کی فہرست میں کینسر، ذیابیطس اور ہیموفیلیا کے علاج کی ادویات شامل ہیں، جبکہ پارکنسنز، خودکار مدافعتی امراض اور خون کے لوتھڑے بننے سے روکنے والی ادویات بھی فہرست کا حصہ ہیں، فہرست میں سنگین انفیکشنز، انتہائی نگہداشت اور ہنگامی علاج میں استعمال ہونے والی اہم ادویات بھی شامل ہیں۔

دیگر کیٹیگریز: پاکستان
ٹیگز: