2 بلوں پر رائے شماری۔۔پار لیمنٹ کے اجلاس سے پہلے ہی حکومت کو تاریخی شکست۔۔ وزیراعظم کے جانے کا وقت آگیا۔مسلم لیگ ن

Nov 09, 2021 | 19:47:PM
قانون سازی۔حکومت ۔شکست۔اپوزیشن
کیپشن: پار لیمنٹ کا اجلاس۔فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) اہم قانون سازی کیلئے جمعہ کو بلائے گئے پارلیمنٹ کے اجلاس سے پہلے ہی قومی اسمبلی میں حکومت کو اپوزیشن نے تاریخی شکست دے دی۔اجلاس کے دوران مسلم لیگ ن کی جانب سے دستور ترمیمی بل کی قرار داد سیّد جاوید حسنین نے پیش کی جس کے مطابق کوئی بھی منتخب رکن سات سال تک دوسری پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا اہل نہیں ہوگا۔ حکومت کی طرف سے بل کی مخالفت کی گئی ، اجلاس کے دوران گنتی میں بل پر حکومت کو عددی شکست ہو گئی، بل کے حق میں 117 جبکہ مخالفت میں 104 ووٹ آئے۔ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے بل متعلقہ کمیٹی کو بھجوادیا۔

یہ بھی پڑھیں۔قومی اسمبلی اور سینٹ کا مشترکہ اجلاس جمعہ کو طلب
سابق قومی اسمبلی کے سپیکر اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ آج حکومت کو بدترین شکست ہوئی ہے۔  جوائنٹ سیشن سے پہلے ہی حکومت اپنی اخلاقی ہار مان لے،حکومت کو از خود استعفا دے دینا چاہئے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایاز صادق کے الفاظ کو مسترد کردیا ا ور کہاکہ ایم این اے لاہور کے الفاظ کو مسترد کرتا ہوں۔پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ملیکہ بخاری نے کہا کہ آئین ہر شخص کو کسی بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا حق دیتا ہے۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج حکومت کو تیاری کے باوجود قومی اسمبلی میں شکست ہوئی، وزیر اعظم نے خود اجلاس بلایا پھر بھی 104 ووٹ ملے انہوں نے کہا مشترکہ اجلاس کیلئے ہماری تیاری مکمل ہے، نیب آرڈیننس اور ای وی ایم پرقانون سازی کو رکوائیں گے، انہوں نے کہانیب آرڈیننس آٹا چینی چوروں کو این آر او دینے کے لئے لائے ہیں، ای وی ایم کالا قانون ہے انکو معلوم ہے کے ٹکٹ کے لئے بھی لوگ نہیں ملیں گے، وزیراعظم اجلاس بلائیں، روئیں چیخیں انکے جانے کا وقت ہو چکا ہے۔

 اجلاس کے دور ان اظہار خیال کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ لاہور میں ڈینگی کا بدترین مسئلہ پیدا ہوگیا ہے،محکمہ صحت کے سٹاک سے تین کروڑ ادویات غائب ہوگئی ہیں،لاہور میں پیناڈول اور پیراسیٹامول غائب ہوچکی ہیں،حکومت عوام کی مشکل حل کرے۔ انہوںنے کہاکہ عوام ڈینگی سے مر رہے ہیں اور حکمران قوالیاں سن رہے ہیں۔اجلاس کے دور ان شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آذربائیجان وفد کو پارلیمنٹ ایوان میں خوش آمدید کہتے ہیں،عالمی سطح پر آذربائیجان نے پاکستان کی حمایت کی،پاکستان ہر مشکل وقت میں آذربائجان کے ساتھ کھڑا ہوگاپاکستانی عوام آذربائیجان کی عوام کے ساتھ ہیں۔ ۔ اجلاس کے در ان بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کے لیے فوجداری قوانین ترمیمی بل اور قومی کمیشن برائے انسانی حقوق ایکٹ میں ترمیم کا بل پیش کیا گیا حکومت کی جانب سے مخالفت نہ ہونے پر بل متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ۔ اجلاس کے دوران دارالحکومت اسلام آباد گھریلو ملازمین بل 2021 کو مشترکہ اجلاس بھیجنے کی تحریک منظور کرلی گئی ،تحریک مہناز اکبر عزیز نے پیش کی۔
د ریں اثنا اعلیٰ عدلیہ کے ججوں کے تقرر کے طریقہ کار تبدیل کرنے کا ترمیم بل پیش کرنے کی اجازت کی تحریک پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبد القادر مندوخیل نے پیش کی۔ اس بل کی حکومت نے مخالفت نہیں کی، بل کو متعلقہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔

دریں اثناقومی اسمبلی میں حکومت بل پیش کرنے کے لئے رائے شماری میں شکست سے دوچار ہوگئی۔خواتین کو سوشل میڈیا پر ہراساں کرنے پر سزا کی تجویز کا بل حکومتی رکن اسما قدیر نے قومی اسمبلی میں پیش کیا۔اپوزیشن نے ایوان میں بل پیش کرنے کی مخالفت کی، جس پر فوجداری قوانین ترمیمی بل 2021ءکو پیش کرنے کی تحریک پر قومی اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی۔رائے شماری میں بل کی حمایت میں حکومت ارکان پورے نہ کرسکی اور شکست کھا گئی، تاہم ڈپٹی اسپیکر نے ووٹنگ کی تعداد نہیں بتائی۔
 
یہ بھی پڑھیں۔ اپوزیشن کا اجلاس۔حکومت کی قانون سازی کی کوشش ناکام بنانے کا اعلان