میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بننے آئے لیکن ان کےساتھ ہاتھ ہو گیا: حافظ حسین احمد

نواز شریف سب سے زیادہ ناراض اور متاثرنظر آتے ہیں، جے یو آئی رہنما

Mar 06, 2024 | 22:11:PM
میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بننے آئے لیکن ان کےساتھ ہاتھ ہو گیا: حافظ حسین احمد
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) جے یو آئی کے سینیئر رہنما میاں حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ نواز شریف سب سے زیادہ ناراض اور متاثرنظر آتے ہیں، وہ چوتھی بار وزیر اعظم بننے آئے تھے لیکن ان کےساتھ ہاتھ ہو گیا۔

جمعیت علماءاسلام کے سینئر رہنما و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف سب سے زیادہ متاثر نظر آتے ہیں، میاں صاحب چوتھی بار وزیر اعظم بننے کے لیے آئے تھے لیکن لگتا ہے کہ ان کے ساتھ ہاتھ ہو گیا، شہباز شریف مولانا فضل الرحمن کو منانے سے پہلے اپنے بھائی کوتو منالیں، انتخابات میں دھاندلی کے خلاف تمام جماعتوں کا موقف متفقہ ہے، دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: صدراتی انتخابات سے قبل ہی محمود اچکزئی کو ووٹوں کی یقین دہانی

انہوں نے مزید کہا کہ تمام جماعتیں کہہ رہی ہیں کہ انتخابات دھاندلی زدہ ہیں ،حکومت اور اپوزیشن کا بھی یہی موقف ہے کہ دھاندلی ہوئی ہے، اس لیے دھاندلی کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن بنایا جائے تا کہ دودھ کا دودھ اور پانی کاپانی ہوسکے، شہباز شریف مولانا فضل الرحمن کو منانے سے پہلے اپنے بھائی میاں نوازشریف کو ہی منالیں کیوں کہ وہ اس وقت سب سے زیادہ ناراض اور متاثر نظر آتے ہیں، میاں نوازشریف کو چوتھی بار وزیر اعظم بنانے کے لیے بلایا گیا تھا انہیں پروٹوکول سمیت عدالتوں میں رلیف دیا گیا اور اشتہارات دئیے گئے تھے کہ نواز دو لیکن یہاں نواز کے بجائے شہبازدو ہو گیا۔

انہوں نے تنقیدی نشتر برساتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن میں جرات ہے اس لیے وہ کھل کر بات کررہے ہیں میاں نواز شریف بھی ایک دن کھل کر بولیں گے لیکن لندن جاکر۔