حکومت نے بڑی خوشخبری سنا دی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت خصوصی وزارتی کمیٹی کے اجلاس میں پنجاب بھر کے 14 ہزار 55 کنٹریکٹ اساتذہ کو ریگولر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
سکینڈری سکول ایجوکیٹرز (ایس ایس ایز) اور اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرز (اے ای اوز) کو ریگولر کرنے کے حوالے سے قائم کی گئی کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سرفراز، صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس اور سکینڈری سکول ایجوکیٹرز ریگولرائزیشن موومنٹ کے صدر چودھری محمد سرفراز، کنوینر محمد عمران اور جنرل سیکرٹری رانا لیاقات علی نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین کمیٹی بشارت راجہ نے کہا پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے حالیہ ایکٹ کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب ریگولرائزیشن کے کیسز پر فیصلہ کرنے کے مجاذ ہیں لہذا یہ سفارشات بھی منظوری کےلئے وزیراعلیٰ اور کابینہ کو بھجوائی جائیں گی۔ ایس ایس ایز اور اے ای اوز کو ریگولر ہونے کےلئے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں امتحان دینے سے مستشنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ یہ اساتذہ 10 سال سے کنٹریکٹ پر تھے لہذا انہیں ریگولر کرنا چاہیے، پنجاب حکومت کی طرف سے ریگولر کرنے کا فیصلہ کر کے کنٹریکٹ اساتذہ کی خدمات کا اعتراف کیا گیا ہے۔ اس موقع پر سکینڈری سکول ایجوکیٹرز ریگولرائزیشن موومنٹ کے نمائندوں نے وزیراعلی پنجاب پرویز الہٰی اور ارکان کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔