عمران خان کا جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان

Feb 04, 2023 | 15:50:PM
عمران خان کا جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان
کیپشن: عمران خان (فائل فوٹو)
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں۔جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا ۔

پنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ریاست مدینہ کی بنیاد عدل و انصاف پر رکھی گئی، عدل وانصاف کے بغیر کسی ریاست میں خوشحالی نہیں آسکتی، عدل و انصاف کے معاشرے میں بڑے لوگ چوری کر کے معاف نہیں کروا سکتے، جہاں انصاف ہوتا ہے وہاں قبضہ گروپ اور این آر او نہیں ہوتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کیلئے بھی قانون کی حکمرانی ضروری ہے، سرمایہ کار اپنا سرمایہ اسی ریاست میں لگاتے ہیں جہاں قانون کی حکمرانی ہو۔ سازش کے تحت ملک میں چوروں کی حکومت لائی گئی، اسحاق ڈار نے بڑی بھڑکیں ماریں کہ ڈالر کو 200 سے نیچے لے کر آؤں گا، جب عدم اعتماد لائی گئی تو ڈالر178روپے کا تھا، 9مہینے میں ڈالر 100روپے مہنگا ہوچکا ہے، ڈالر مہنگا ہونے سے ملک میں مہنگائی آچکی ہے، ملک میں ابھی مزید مہنگائی ہونے والی ہے۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کو یہ معلوم نہیں کہ اب حالات بہتر کیسے ہوں گے، امپورٹڈ حکومت الیکشن سے بھاگنے کی بھی تیاری کر رہی ہے، یہ اپنے مخالفین کے خلاف کیسز بنارہے ہیں، اگر ہم آج بحیثیت قوم نہ جاگے تو سب اس صورت حال کے ذمہ دار ہوں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام نہیں آ سکتا، امپورٹڈحکومت الیکشن سے خوفزدہ ہے، ہم نے آئین کے تحت ہی اپنی اسمبلیوں کو تحلیل کیا تھا، 18دن گزر گئے مگر دونوں گورنرز نے الیکشن کی تاریخ نہیں دی، اگروقت پر الیکشن نہ ہوئے تو یہ غیرآئینی اقدام ہوگا۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت نے مجھے جیل میں ڈالنے کا پلان بنایا ہوا ہے، ا ن کا مقصد اپوزیشن کو سائیڈ لائن کرنا ہے تاکہ ٹیم کا 12واں کھلاڑی لندن سے آئے، ان کے پاس کو ملک ٹھیک کرنے کا کوئی روڈ میپ نہیں، انہیں ملک کی بربادی کی کوئی فکر نہیں کیونکہ ان کے پیسے باہر پڑے ہیں۔ سارا پاکستان آج عدلیہ کی طرف دیکھ رہا ہے، میں امید رکھتا کہ ہماری عدلیہ آئین کے ساتھ کھڑی ہوگی۔

عمران خان نے جیل بھروتحریک کااعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’وقت آگیا ہے کہ ہم تیاری کریں، میں کال دوں گا جیل بھرو تحریک کی، میرے اشارے پر لوگ نکلیں گے اور گرفتاریاں دیں گے۔ ان کو پتا چل جائے گا قوم کہاں کھڑی ہے، ان کا شوق پورا ہوجائے گا کہ قوم کس کے ساتھ کھڑی ہے۔

انتقامی کارروائیوں کے پیچھے حکومت نہیں کوئی اور ہے:پی ٹی آئی چیئرمین 

تحریک انصاف کے رہنما عمران خان سے سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال، ملکی معاملات اور حکومت کے مبینہ انتقامی اقدامات پر بات ہوئی۔

عمران خان اور پرویز الٰہی نے پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے انتخاب کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے پیچھے کچھ اور لوگ ہیں۔

ضرور پڑھیں :نگران وزیراعلی پنجاب کیخلاف ایک اور درخواست اعتراضات لگا کر واپس
عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت کو انتخاب کی تاریخ دینا پڑے گی ورنہ آئینی شکنی کی مرتکب ہوگی، یہ لوگ الیکشن سے نہیں بھاگ سکتے۔حکومت کی ناک تلے دوبارہ دہشت گردی ملک میں سر اٹھا رہی ہے، انہیں امن و امان کی نہیں مخالفیں کو کچلنے کی فکر ہے۔

پرویزالہیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت ملکی معیشت کو تباہ کرچکی۔ امن و امان کی صورتحال بھی تیزی سے خراب ہو رہی ہے، پی ڈی ایم حکومت بوکھلاہٹ کاشکار ہے، پارلیمانی لاجز میں سابق ارکان پارلیمنٹ کے کمروں کے تالے توڑے جارہے ہیں، یہ حکومت نااہلی کے بعد انتقامی کارروائیوں میں بھی ورلڈ ریکارڈ بنانا چاہتی ہے

پرویزالہی نے کہا کہ حکومت گرفتاریاں، مقدمات ، چھاپوں کے سائے میں اے پی سی کی دعوت دے رہی ہے، شہباز شریف کی شوباز یاں بری طرح ایکسپوز ہورہی ہیں، ان کے پاس عوامی ریلیف کے لئے تو کچھ نہیں، صرف اورصرف عمران خان اور تحریک انصاف کے اتحادیوں کو کچلنے کا ایجنڈا سرگرم ہے۔

سابق وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہوچکی ہے، روزانہ کی بنیاد پر مقد مات در ج کیئے جارہے ہیں، حکمرانوں کے مقدمات سے کوئی خوفزدہ نہیں، انتقام کے ہر ہتھکنڈے کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے، نگران سیٹ اپ جانبداری میں اتنا آگے نہ جائے کہ خود سوالیہ نشان بن جائے۔