تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان

May 03, 2024 | 10:22:AM
محکمہ موسمیات نے  ملک کے بیشتر علاقوں میں تیزہواؤں اور گرج چمک کیساتھ  بارش  کی پیشگوئی کردی۔  
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(کومل اسلم)  محکمہ موسمیات نے  ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ  بارش  کی پیشگوئی کردی۔  

شہر  لاہور کا موسم مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے گا جبکہ آئندہ 24گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق  شہر کا موجودہ درجہ حرارت 28ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 10 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔  عالمی فضائی الودگی کی درجہ بندی میں لاہور تیسرے نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر میں ائیر کوالٹی انڈکس کی مجموعی شرح 184 ریکارڈ کی گئی۔ یو ایس قونصلیٹ 230، فیز8 ڈی ایچ اے میں شرح 225 ریکارڈ، سید مراتب علی روڈ پر فضائی آلودگی کی شرح 211ریکارڈ  کی گئٰی ہے۔

شہر قائد میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کےدرمیان رہنے کا امکان ہے۔  کراچی میں جنوب مغرب سے 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب81 فیصد ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا،شمالی بلوچستان، گلگت بلتستان، کشمیر اور خطہ پوٹھوہار میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبر پختونخواکے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے جبکہ شمالی بلوچستان کے بیشترعلاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: نئی تاریخ رقم، پاکستان کا پہلا سیٹلائٹ آج چاند پر روانہ ہو گا

اسلام آباد اور گر دو نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے, مری،گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں بھی چند مقامات پر بارش کا امکان ہے،جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ کے بیشتر علاقو ں میں تیز ہوائیں چلنے کی پیشگوئی ہے۔

کوئٹہ، چمن،زیارت، پشین،مستونگ،قلعہ سیف اللہ، شیرانی،موسیٰ خیل،ژوب، بارکھان، نوکنڈی اورخضدار میں بارش جبکہ قلات میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیاگیا ہے۔

وزیرستان، ڈیرہ اسماعیل خان،ٹانک، بنوں، کرم، خیبر،باجوڑ، چترال، سوات، دیر،کوہستان، مالاکنڈ،شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد،صوابی اور پشاورمیں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہا۔ اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی 42، سکھر،جیکب آباد،دادواور لسبیلہ میں 41ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

علاوہ ازیں  ایران سے بارش برسانے والا ایک اور سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کوکوئٹہ سمیت صوبے کے 13 اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ اس سسٹم کے تحت جمعہ کو صوبے کے اضلاع کوئٹہ، چمن،زیارت، پشین ،مستونگ ،قلعہ سیف اللہ ، شیرانی ،موسی خیل ،ژوب، بارکھان، نوکنڈی، خضدار اور قلات میں چند مقامات پر آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔