پی ایس ایل 11: حیدرآباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو ہرا کر فائنل میں جگہ بنالی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ایلیمینیٹر ٹو میں حیدرآباد کنگزمین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کو 2 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔ حیدرآباد کنگزمین نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 186 رنز بنائے اور حریف ٹیم کو جیت کے لیے 187 رنز کا ہدف دیا۔
حیدرآباد کی جانب سے عثمان خان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 61 رنز اسکور کیے، جس میں 10 چوکے شامل تھے۔ کپتان مارنوس لیبوشین نے 39، صائم ایوب نے 38 جبکہ کوشال پریرا نے 37 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے عماد وسیم نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ کرس گرین، رچرڈ گلیسن اور فہیم اشرف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے موقع پر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا کہنا تھا کہ میچ میں دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالنے والی ٹیم ہی کامیاب ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوالیفائر میں شکست کے باوجود ٹیم کا مورال بلند ہے اور پاور پلے میں بہتر کارکردگی دکھانے پر توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب حیدرآباد کنگزمین کے کپتان مارنوس لیبوشین نے کہا کہ وہ بھی پہلے بولنگ کو ترجیح دیتے، تاہم ٹیم ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق پچ بیٹنگ کے لیے سازگار تھی اور ٹیم پورے اعتماد کے ساتھ میدان میں اتری۔
یاد رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ نے گروپ مرحلے میں اچھی کارکردگی دکھائی تھی، تاہم کوالیفائر میں پشاور زلمی کے خلاف 70 رنز کی شکست کے بعد وہ اس میچ میں مرو یا مارو کی صورتحال سے دوچار تھی۔ جبکہ حیدرآباد کنگزمین نے ایلیمینیٹر میں لاہور قلندرز کو شکست دے کر اپنی مہم کو جاری رکھا اور اب فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں :پاکستان میں ترکیہ کے سفیر کی وزیرخارجہ سے ملاقات