موسم کے حوالے سے محکمہ موسمیات کی اہم پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(مائدہ وحید، صبا پرویز،کومل اسلم) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں گرم رہے گا۔ تاہم بالائی خیبر پختونخوا، اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار کشمیراور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
شہر لاہور کا موسم خوشگوار ہونے لگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ہوائیں 3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور پہلے نمبر پرآگیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح190ریکارڈ کی گئی ہے۔ سید مراتب علی روڈ229،سی ای آرپی آفس میں شرح226ریکارڈ، لاہورامریکن سکول200،ایچ سن کالج179اورجوہرٹاؤن میں شرح170ریکارڈ کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر میں بارش کی نوید سُنا دی۔ مون سون کا اسپیل جاتے جاتے بھی لاہور میں آخری بارش برسائے گا۔ 28 اور 29 ستمبر کو لاہور میں مغربی ہوائیں داخل ہونگی جو بارش برسانے کا سبب بنیں گی۔ محکمہ موسمیات نے 30 ستمبر تک بارشوں کی پیشنگوئی کی ہے۔
شہر قائد میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے کم سے کم درجہ حرارت 25ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 36ڈگری سینٹی گریڈ تک جا جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ہے جبکہ جنوب مغرب کی سمت سے چلنے والی ہوا 2 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کراچی آج بھی سرفہرست ہے۔
خیبر پختونخوا میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے نے تمام محکموں کو الرٹ جاری کردیا- پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کیلئے مراسلہ جاری کردیا۔ تیزبارشوں اور ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مراسلہ کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ بارشوں سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی امکان ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بھاری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور برساتی نالوں کی نگرانی، طوفان کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم کیے جائیں۔