اسرائیل کی غزہ میں زمینی کارروائی شروع، سرحد پر جیمرز نصب

Oct 28, 2023 | 09:19:AM
 اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کیے جانے کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں فضائی بمباری کے بعد زمینی کارروائی شروع کر دی۔
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ میں جنگ بندی کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کیے جانے کے باوجود اسرائیل نے غزہ میں فضائی بمباری کے بعد زمینی کارروائی شروع کر دی۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ پر زمین، فضا اور سمندر سے شدید حملے شروع کر دیئے ہیں، اسرائیل کی جانب سے غزہ کا دنیا سے رابطہ منقطع کرنے کیلئے انٹرنیٹ سروس بند کر دی گئی، سرحد پر جیمرز بھی نصب کر دیئے گئے ہیں۔

انٹرنیٹ سروس کی بندش اور سرحد پر جیمرز نصب کرنے سے غزہ کے لوگوں کا دنیا سے رابطہ کٹ گیا، ریڈیو کی نشریات بھی تعطل کا شکار ہیں۔

بین الاقوامی نشریاتی اداروں کے مطابق اسرائیل نے غزہ پر ایک ساتھ زمینی اور فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں  بڑے پیمانے پر فلسطینیوں کی شہادت کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے.  غزہ میں 100 سے زائد فضائی طیارے بمباری کررہے ہیں جبکہ ٹینکس اور توپوں کے ذریعے بھی بمباری کی جارہی ہے، جس کی وجہ سے ہر طرف تباہی اور آگ لگی نظر آرہی ہے۔

مزید پڑھیں:  اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد منظور 

 صرف یہی نہیں دوسری جانب اسرائیلی فوج کے ترجمان ڈینیل ہگری کا کہنا ہے کہ آج کی رات ہماری فورسز غزہ میں زمینی آپریشن کا دائرہ بڑھا رہی ہیں، جس کے تحت مختلف علاقوں میں شدید بمباری بھی کی جائے گی۔  

یاد رہے کہ اسرائیل کے حالیہ بدترین حملوں سے قبل غزہ پر ہونے والی وحشیانہ بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 7400 سے تجاوز کرگئیں جبکہ 21 ہزار کے قریب لوگ زخمی ہیں جبکہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں سے اب تک 110 فلسطینی شہید اور 1950 زخمی ہوئے ہیں۔