پاکستان میں سرمایہ کاری،چند دنوں میں خوشخبری ملے گی: نگران وزیراعظم

Nov 24, 2023 | 12:01:PM
 پاکستان میں سرمایہ کاری،چند دنوں میں خوشخبری ملے گی: نگران وزیراعظم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ہماری کوشش ہے سرمایہ کاری پاکستان لائی جا سکے، آئندہ کچھ روز میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خوشخبری ملے گی،انسانی وسائل کی ترقی اور اصلاحات پر کام جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، ہنر نہ ہونے کی وجہ سے بھی بعض مسائل ہیں، نوجوانوں کو ہنر سکھانے کیلئے مختلف ٹریننگ پروگرام پر کام ہو رہا ہے، اگلے دس سال میں 10لاکھ نرسز کو تربیت دینے کا پروگرام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نہ صرف خطے بلکہ خطے کے باہر سے بھی سرمایہ کاری پاکستان لانا چاہتے ہیں، پاکستان اور دیگر ممالک کے درمیان کچھ ایم او یوز پر دستخط ہوں گے، پاکستان میں آئندہ ہفتے سرمایہ کاری سے متعلق اچھی خبریں ملیں گی۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہمارا فوکس نجکاری پر ہے، خسارے میں چلنے والے اداروں کی نجکاری پر غور کر رہے ہیں، پی آئی اے کی نجکاری پہلی ترجیح ہے، اداروں سے ریونیو نہیں کما سکتے تو ملک ترقی نہیں کر سکتا، اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی میں سول اور ملٹری قیادت کے لوگ ہیں، ایس آئی ایف سی کے ذریعے سرمایہ کاری پالیسی میں اصلاحات کی جا رہی ہیں، ہمیں اپنے سرمایہ کاروں کو ایس آئی ایف سی میں سرمایہ کاری کیلئے ویلکم کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی اخراجات میں کمی کیلئے مختلف لائحہ عمل وضع کئے گئے ہیں، جمہوریت میں مثبت رویے کے ساتھ سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔