پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی: شیخ رشید کا طنز
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم ٹائیں ٹائیں فش ہوگئی ہے، مولانا فضل الرحمان کی سیاست ہوا میں لٹک رہی ہے۔مریم نواز نے خود حفاظتی ضمانت کرالی، لوگوں کو سڑکوں پر بلا رہی ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم والے 26 مارچ کو بے نقاب ہوجائیں گے، دیکھتے ہیں کتنےلاکھ لےکر آتے ہیں، یہ اپوزیشن عمران خان کے لئے اللہ کی طرف سے بہتری کے راستے بناتی ہے۔انہوں نے خود تو ضمانت کروا لی ہے ، یہ اپنی شو آف پاور عمران خان کو نہیں پیپلزپارٹی کو دکھا رہے ہیں، حقیقی سیاستدان عوام کے لیے چھاتی نکالتا ہے انہیں استعمال نہیں کرتا، یہ 26 تاریخ کو اپنے ہی اکھاڑے میں دنگل کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاہور کا خاندان سیلیکٹڈ یا لاڑکانہ کا خاندان سیلیکٹیڈ ہے، یہ لاہور میں ہی پاور شو اور لانگ مارچ کرنے جارہے ہیں، پنجاب کا امن و امان کا مسئلہ ہے انہوں نے رینجرز مانگی ہم نے منظوری دے دی۔شیخ رشید نے کہا کہ قوم یاد رکھے کہ اسلام آباد کراچی لاہور ریڈ الرٹ بھی ہے ، روز شہباز شریف اور حمزہ تاریخ پر جاتے ہیں انہیں کال نہیں دی گئی۔عمران خان نے سب کو چیلنج دیا ہے کہ ہم نے مہنگائی کو ختم کرنا ہے، عمران خان کہتا ہے کہ ہر صورت ان سے پیسہ نکلوانا ہے، چھوٹے چوروں سےوصولی ہوئی بڑے چوروں سے وصولی نہیں ہوئی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جتنے نیب مقدمات بنے وہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے ایک دوسرے کے خلاف بنائے، براڈ شیٹ کے متعلق ترجمان ہی بتا سکتا ہے،میں وزارت داخلہ دیکھتا ہوں، سوئس اکاؤنٹس آج نہیں تو کل کھل جائیں گے، یہ لوگوں کو کہتے ہیں پہنچو اور خود حفاظتی ضمانت کروالیتے ہیں۔