ملک سے سیاسی انتقام کا خاتمہ ہونا چاہئے: خواجہ سعد رفیق

Feb 22, 2023 | 11:04:AM
خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ضمانتیں کروارہے ہیں، ساتھیوں کو جیل بھجوا رہے ہیں، ملک سے سیاسی انتقام کا خاتمہ ہونا چاہئے، ہم نہیں چاہتے جو ہمارے ساتھ ہوا، وہ سیاسی مخالفین کے ساتھ بھی ہو
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی ضمانتیں کروارہے ہیں، ساتھیوں کو جیل بھجوا رہے ہیں، ملک سے سیاسی انتقام کا خاتمہ ہونا چاہئے، ہم نہیں چاہتے جو ہمارے ساتھ ہوا، وہ سیاسی مخالفین کے ساتھ بھی ہو۔

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے بس میں ہوتا تو کسی کو گرفتار نہ کرتا، یہ خود ہی تھک ہار کر واپس چلے جاتے، ذاتی طور پر سیاسی کارکنان کے جیل جانے کو اچھا نہیں سمجھتا۔

لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اخلاقی طور پر لیڈر کو پہلے جیل جانا چاہیے لیکن عمران خان اپنی ضمانتیں کروا رہے ہیں اور ساتھیوں کو جیل بھجوا رہے ہیں، جیل بھرو تحریک کے حوالے سے کیا حکمت عملی ہے میں نہیں جانتا، نگران حکومت بہتر جانتی ہے، کسی کو غلط پکڑنے کی حمایت نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جنہیں گالیاں دیتے تھے ضرورت پڑنے پر انہیں سینے سے لگاتے ہیں، عمران خان پرویز الہٰی کو گالیاں دیتے تھے اب انہیں پارٹی میں شامل کر لیا، عمران خان پر کوئی اعتبار نہیں کر سکتا، سیاسی انتقام ختم ہونا چاہیے، عمران خان نے اپنے گریباں میں کبھی نہیں جھانکا، عمران خان انتقام کی بات کرتے ہیں۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کے خاندان نے جیل کاٹی، شاہد خاقان عباسی متعدد پیشیاں بھگت چکے ہیں، پوری (ن) لیگ کو جیلوں میں ڈالا گیا ہم نے تو چیخیں نہیں ماریں، ہمیں کبھی روتے دیکھا ہے؟، عمران خان کے ساتھ تو ابھی ہوا ہی کچھ نہیں، جو کچھ ہمارے ساتھ ہوا، عمران خان کے ساتھ تو اس کا دسواں حصہ بھی نہیں ہوا، عمران خان کا تو ابھی خاندان بھی بچا ہوا ہے۔