جمعہ سے اتوار تک مزید بارشیں،پی ڈی ایم اے نےخبردار کردیا

Sep 21, 2023 | 19:57:PM
 جمعہ سے اتوار تک مزید بارشیں،پی ڈی ایم اے نےخبردار کردیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا میں جمعہ سے اتوارکے روز تک وقفے وقفے سے مزید بارشوں کی پیشگوئی کردی ،جس کو مدنظر رکھتے ہوئے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (پی ڈی ایم اے ) نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق  پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے،ڈی جی  پی ڈی ایم اے نے   تیزبارشوں اور ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے ، چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور برساتی نالوں کی نگرانی کی  ہدایت دیدی ۔

پی ڈی ایم اے  کے جاری مراسلے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ  کا  خدشہ ہے ،تیز بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

مراسلے میں ہدایت دی گئی ہے کہ  طوفان کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے، جبکہ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور  احتیاتی تدابیر کی ہدایت دی ۔

پی ڈی ایم اے مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کو مقامی آبادی  تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے  روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں اورسڑک کی بندش  کی صورت میں ٹریفک کے لئے متبادل راستے فراہم  کئے جائیں،حساس علاقوں میں صوبائی اور قومی شاہراہوں پرمسافروں کو پیشگی خبردار کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کیساتھ موسلادھار بارش، محکمہ موسمیات کا الرٹ جاری

مراسلے   کے مطابق متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کومحفوظ انتظار گاہوں کی جانب منتقل کریں،اس دوران ہنگامی خدمات کے اہلکاروں کی دستیابی یقینی بنائیں،سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیاجائے اور سیاح دوران سفر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

جاری مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم اے  کا ایمرجنسی اپریشن سنٹر مکمل فعال ہے عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔