معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں

Nov 20, 2020 | 20:37:PM
معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنے چاہئیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک جلد سے جلد پہنچنے چاہئیں،حکومت کی جانب سے کورونا کےخلاف اختیار کی جانے والی حکمت عملی کو نہ صرف عالمی سطح پر سراہا گیا بلکہ پاکستانی معیشت خطے میں سب سے زیادہ تیزی سے ابھر رہی ہے جس کا سہرا معاشی ٹیم کی مربوط حکمت عملی کو جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں ملکی معیشت کے حوالے سے اجلاس اسلام آباد میں ہوا ،جس میں وفاقی وزرا شاہ محمود قریشی،خسرو بختیار،حماد اظہر، مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ، ڈاکٹر عشرت حسین اور معاون خصوصی ڈاکٹروقارمسعود نے شرکت کی،اجلاس میں ملکی معیشت کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔اجلاس میں کورونا کی دوسری لہر کے تناظر میں معیشت پر پڑنے والے ممکنہ اثرات اور غریب طبقے کو تحفظ کی فراہمی کے حوالے کفالت پروگرام پر تفصیلی بات چیت ہوئی ،وزیراعظم عمران خان نے معاشی نظم و ضبط اور ملکی قرضوں کے بہتر انتظام کے حوالے سے معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا،وزیر اعظم نے لارج سکیل منیوفیکچرنگ کے شعبے میں سامنے آنے والے مثبت رجحانات کو معیشت کیلئے انتہائی خوش آئند قرار دیا۔
وزیر اعظم نے ملکی معیشت میں بہتری اور استحکام کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس امرپر زور دیا کہ معیشت کی بہتری کے ثمرات عام آدمی تک جلد سے جلد پہنچنے چاہئیں،وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کورونا کےخلاف اختیار کی جانے والی حکمت عملی کو نہ صرف عالمی سطح پر سراہا گیا بلکہ پاکستانی معیشت خطے میں سب سے زیادہ تیزی سے ابھر رہی ہے جس کا سہرا معاشی ٹیم کی مربوط حکمت عملی کو جاتا ہے۔