امریکا نے پاکستان میں انتخابات کوجمہوری قراردیدیا

5ہزار سے زائد مبصرین نے انتخابات کی نگرانی کی،پاکستان میں مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کا احترام بڑھانے کیلئے بھی کام کر رہے ہیں،امریکی معاون وزیرخارجہ ڈونلڈ لو

Mar 20, 2024 | 09:35:AM
امریکا نے پاکستان میں انتخابات کوجمہوری قراردیدیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)امریکی معاون وزیرخارجہ ڈونلڈ لو نے پاکستان میں انتخابات کوجمہوری قراردیدیا۔کہا کہ5ہزار سے زائد مبصرین نے انتخابات کی نگرانی کی۔ڈونلڈ لو کی سکیورٹی فورسز اور سیاستدانوں کیخلاف دہشت گردی کے واقعات کی بھی مذمت،کہتے ہیں پاکستان کے عام انتخابات سے قبل تشدد کے واقعات پر تشویش رہی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان کا میڈیا قدرے مضبوط ہے جو اختلافی خیالات اورآرا ءکیلئے آزادہے،  روس میں اختلافی آوازوں کو دبانے اور خاموش کرنے کا واضح ریکارڈ موجود ہے۔

امریکی معاون وزیرخارجہ ڈونلڈ لو نے کہا ہے پاکستان کے انتخابات 2024 کا گہرائی سے جائزہ لیا، پاکستان میں عام انتخابات سے قبل تشدد کے واقعات پر خصوصا تشویش رہی۔

پاکستان میں انتخابات پر ڈونلڈ لو کا یہ بیان امریکی کانگریس کی خارجہ امورکمیٹی میں پیش کیا جائے گا، بیان میں ڈونلڈ لو نے کہا کہ انتخابات سے پہلے پولیس، سیاستدانوں اور سیاسی اجتماعات پر دہشتگرد حملے ہوئے، کئی صحافیوں خصوصاً خواتین صحافیوں کو پارٹی سپورٹرز نے ہراساں کیا۔

ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ عالمی الیکشن مبصر تنظیم نے کہا انہیں ملک کے تقریباً آدھے حلقوں میں آبزرویشن سے روکا گیا۔ پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، ہم پاکستان کے جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

ضرورپڑھیں:آرمی چیف کی سعودی ولی عہد سے ملاقات،اسٹریٹجک تعلقات اور تعاون بڑھانے پر اتفاق

امریکی معاون وزیرخارجہ نے کہا کہ القاعدہ اور داعش سے درپیش خطرات سے نمٹنے میں پاکستان سے تعاون کر رہے ہیں۔ پاکستان میں مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کا احترام بڑھانے کیلئے بھی کام کر رہے ہیں۔ امریکا پاکستانی مصنوعات درآمد کرنے والے سرفہرست ملکوں میں شامل ہے، امریکا پاکستان میں اقتصادی استحکام کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

اپنے بیان میں امریکی وزیر خارجہ کے معاون ڈونلڈ لو کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری کرنے والا اہم ترین انویسٹر ہے، امریکا منگلا اور تربیلا ڈیم کی اپ گریڈیشن کیلئے بھی تعاون کر رہا ہے۔

روس اور پاکستان کے انتخابات کے موازنے پر امریکی محکمہ خارجہ کا ردعمل 

دوسری جانب  پریس بریفنگ کے دوران روسی اور پاکستان انتخابات کے موازنے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان نے سخت ردعمل کا اظہار کردیا۔

واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل کا اپنی پریس بریفنگ کے دوران پوچھے گئے سوال کے جواب میں  کہنا تھا کہ دونوں انتخابات میں جمہوری عمل کا موازنہ کرنے پر ایشو اٹھاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ فیصلے ہیں جو ان ممالک کے عوام کو کرنے چاہئیں، ان ممالک کے لوگوں کے پاس انتخاب، معلومات تک رسائی ہونی چاہیے جو ان کے فیصلہ کرنے میں مددکریں۔

امریکی نائب ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ ان پر ہے کہ وہ اپنے ملک کی قیادت کیلئے کسے منتخب کریں اور وہ اسے کس سمت میں لے جانا چاہتے ہیں۔پاکستان کا میڈیا قدرے مضبوط ہے جو اختلافی خیالات اورآرا ءکیلئے آزادہے،  روس میں اختلافی آوازوں کو دبانے اور خاموش کرنے کا واضح ریکارڈ موجود ہے۔