پنجاب میں جاری سیاسی کشمکش میں مسلم لیگ (ن) کو بڑا ریلیف مل گیا

Dec 20, 2022 | 15:55:PM
پنجاب میں جاری سیاسی کشمکش میں مسلم لیگ (ن) کو لاہور ہائی کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا، لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے 18 لیگی اراکین کے اسمبلی سیشن میں داخلے پر پابندی کو ختم کر دیا
کیپشن: لاہور ہائیکورٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) پنجاب میں جاری سیاسی کشمکش میں مسلم لیگ (ن) کو لاہور ہائی کورٹ سے بڑا ریلیف مل گیا، لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے 18 لیگی اراکین کے اسمبلی سیشن میں داخلے پر پابندی کو ختم کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے لیگی ارکان کی اسمبلی سیشن میں پابندی کے خلاف دائر درخواستوں پر لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس شاہد بلال حسن پر مشتمل دو رکنی بنچ کے روبرو سماعت ہوئی۔ لیگی اراکین اسمبلی رانا مشہود سمیت دیگر نے اسمبلی اجلاس میں پابندی کے خلاف لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔

درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ گورنر پنجاب نے کل وزیر اعلی کو اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا ہے جبکہ اسپیکر نے لیگی ممبران کی سیشن میں شرکت پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

عدالت نے اسپیکر کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں اسپیکر ان ممبران کو اسمبلی سیشن میں شرکت کی اجازت دے گا ؟ وکیل اسپیکر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسپیکر رولز کے مطابق اسمبلی کو چلاتے ہیں میں اس پوزیشن میں نہیں ہوں کہ اس کا جواب دے سکوں کہ اسپیکر انہیں اسمبلی سیشن میں شرکت کی اجازت دے گا یا نہیں۔

 عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا بعد ازاں مختصر فیصلہ سناتے ہوئے 18 ن لیگی اراکین اسمبلی کے پنجاب اسمبلی سیشن میں داخلے پر پابندی کو ختم کر دیا اور انہیں اسمبلی سیشن میں داخلے کی اجازت دے دی۔