G-7 اجلاس: روس پر نئی پابندیاں لگانے کی تیاری

سات ترقی یافتہ ممالک کے سربراہان ہیروشیما میں جمع ہیں جہاں وہ روس کی بحران زدہ معیشت کو مزید متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ چین کی بڑھتی ہوئی فوجی و اقتصادی طاقت کا جواب دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔

May 19, 2023 | 12:55:PM
G-7 اجلاس: روس پر نئی پابندیاں لگانے کی تیاری
کیپشن: یہ اقدام بین الاقوامی مالیاتی نظام تک ماسکو کی رسائی کو متاثر کرے گا
سورس: روئٹرز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) امریکہ نے جمعے کو روس کی ’جنگی مشین‘ کو نشانہ بنانے والی اہم نئی پابندیوں کو متعارف کرایا ہے تاکہ جنگی ساز و سامان کی سپلائی میں رکاوٹ ڈالی جائے اور روسی توانائی پر انحصار کو مزید کم کیا جاسکے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ان پابندیوں کا اعلان ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکی صدر جو بائیڈن جاپان میں جی سیون کے ساتھی رہنماؤں سے ملاقات کر رہے ہیں۔
سات ترقی یافتہ ممالک کے سربراہان ہیروشیما میں جمع ہیں جہاں وہ روس کی بحران زدہ معیشت کو مزید متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ چین کی بڑھتی ہوئی فوجی و اقتصادی طاقت کا جواب دینے کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔
امریکی انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے کہا ہے کہ ’یہ ایک اہم کوشش ہے جو روس کی اُس سامان تک رسائی کو بڑے پیمانے پر محدود کر دے گی جو میدانِ جنگ میں اس کیلئے ضروری ہے۔‘
اہلکار کے مطابق ’یہ اقدام روس اور دیگر ممالک سے تقریباً 70 اداروں کو ’کامرس‘ کی بلیک لسٹ میں شامل کر کے امریکی برآمدات کے حصول سے روک دے گا۔ اس کے علاوہ افراد، اداروں بحری اور ہوائی جہازوں پر بھی 300 سے زائد نئی پابندیاں عائد کی جائیں گی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ گروپ سیون کے دیگر اراکین بھی ’نئی

پابندیوں کو نافذ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔‘
امریکی انتظامیہ کے اہلکار کا کہنا ہے کہ ’یہ بلاک جنگی سازوسامان کی سپلائی میں رکاوٹ ڈالنا اور روسی توانائی پر انحصار کو مزید کم کرنا چاہتا ہے۔‘
یہ اقدام بین الاقوامی مالیاتی نظام تک ماسکو کی رسائی کو بھی متاثر کرے گا اور اس کے تحت یوکرین میں جنگ کے خاتمے تک روسی اثاثوں کو منجمد رکھا جائے گا۔
جمعرات کو یورپی یونین کے اہلکار نے بتایا تھا کہ بات چیت کا ایک ممکنہ ہدف روس کی اربوں ڈالر کی ہیروں کی صنعت بھی ہے۔
اہلکار نے کہا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ اس شعبے میں روسی تجارت سے برآمدات کو محدود کرنے کی ضرورت ہے۔ اس حوالے سے کوئی قدم اُٹھانے کے لیے انڈین حمایت حاصل کرنا ضروری ہے۔‘
روس انڈیا کو قیمتی پتھر سپلائی کرتا ہے اور یوکرین میں جنگ کی وجہ سے انڈیا میں یہ ہیروں کی تجارت متاثر ہوئی ہے۔
اہلکار نے بتایا کہ ’ہم ان کے ساتھ بات چیت کرنا چاہیں گے کیونکہ ہیروں کی صنعت انڈیا میں کافی اہم ہے۔‘

Shamroze Khan

شمروز خان صحافت کے طالب علم ہیں اور بطور سب ایڈیٹر (ویب) 24 نیوز کے ساتھ منسلک ہیں۔ سماجی مسائل، موضوعات اور حقائق پر لکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔