یونا ن کشتی حادثہ پر وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس، انسانی سمگلنگ کیخلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت

Jun 18, 2023 | 16:15:PM
یونا ن کشتی حادثہ پر وزیر اعظم کا اظہارِ افسوس، انسانی سمگلنگ کیخلاف سخت اقدامات کرنے کی ہدایت
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)وزیراعظم پاکستان  شہبازشریف نے یونان کے ساحل کے قریب کشتی الٹنے کی اطلاعات موصول ہونے  پر گہرے  رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم پاکستان  کی  جانب سے واقعہ کے بعد  دفتر خارجہ کو یونان کشتی حادثے میں  پاکستانیوں کی ممکنہ موجودگی کی اطلاعات پر فوری کارروائی کرنے، حادثے میں موجود پاکستانیوں کی تمام تر تفصیلات فوری طور پر  فراہم  کرنے، تمام پاکستانیوں کی مدد کیلئے  بہترین کاوشیں کرنے،  متاثرہ پاکستانی خاندانوں کے لئے فوری طورپر ہیلپ ڈیسک کا انعقاد کرنے ، دستیاب ہونے والی  تمام تفصیلات سے آگاہ کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ 

یہ بھی پڑھیں: ن لیگی قیادت نہ سنبھالتی تو ملک ڈیفالٹ کرجاتا: احسن اقبال

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کشتی الٹنے کے واقعے کی انکوائری کرنے، انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لوگوں کو جھانسہ دے کر خطرناک اقدامات پر مجبور کرنے والے انسانی اسمگلروں کی نشاندہی کرنے، انسانی اسمگلنگ جیسے گھناؤنے جرم میں ملوث ایجنٹس کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کر کے انہیں قرار واقعی سزا دینے اور یونان میں پاکستانی سفارتخانے کو واقعے میں ریسکیو کئے جانے والے 12 پاکستانیوں کی دیکھ بھال کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کشتی حادثے کے پیش نظر  یونان اور مصر میں موجود  پاکستانی سفیروں کو بھی  پاکستانیوں کی مدد کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی اقدامات  کرنے کی سخت ہدایت کر دی اور وفاقی  وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کو بھی  اپنے اداروں کو بروئے کار لاتے ہوئے  تفصیلات جمع کرنے  اور تحقیقاتی رپورٹ دینے کی ہدایت  کر دی ہے۔ 

وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں، انسانوں کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث پائی جانے والی تمام ایجنسیوں  کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سخت ترین کاروائی کی جائے، انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ کسی بھی قسم کی سستی اور نااہلی  کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ایران کا دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق

وزیرِ اعظم کی ہدایت پر ایف آئی اے نے ڈی آئی جی عالم شنواری کو واقعے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کی معلومات و سہولت کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دیا جبکہ چیف سیکٹری آزاد جموں و کشمیر نے بھی پاکستانی سفارتخانے اور یونانی حکام سے رابطے اور جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی معلومات کیلئے فوکل پرسن تعینات کر دیا ہے۔   

واضح رہے کہ گزشتہ روز یونان کے ساحل کے قریب کشتی حادثہ رونما ہوا جس میں 300 سے زائد پاکستانیوں کے متاثر ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔