گال ٹیسٹ کا دوسرا دن، قومی ٹیم مشکلات کا شکار

Jul 17, 2023 | 14:54:PM
گال ٹیسٹ کا دوسرا دن، قومی ٹیم مشکلات کا شکار
کیپشن: فوٹو اے ایف پی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) گال ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل جاری ہے، سری لنکا کو 312 پر آل آؤٹ کرنے کے بعد پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہے، کپتان بابر اعظم سمیت آدھی ٹیم جلد آؤٹ ہوگئی۔

گال ٹیسٹ کے دوسرے دن سری لنکا نے اپنی پہلی اننگ چھ وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز سے شروع کی اور پوری ٹیم 312 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم نے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 70 رنز کا اضافہ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا نے شاندار اننگز کھیلی، انہوں نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 122 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی ، نسیم شاہ اور ابرار احمد نے تین تین جبکہ آغا سلمان نے ایک وکٹ اپنے نام کی۔

یہ بھی پڑھیے: گال ٹیسٹ کا پہلا دن، شاہین آفریدی کی 100 ٹیسٹ وکٹیں،سری لنکا کے 6 وکٹوں پر 242 رنز

پاکستان نے سری لنکا کو جلد آوٹ کرنے کے بعد اپنی پہلی اننگ کا مایوس کن آغاز کیا۔ ٹیم کی پہلی وکٹ 3 رنز پر اس وقت گری جب امام الحق 10 گیندوں پر ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس کے بعد ٹیم کا مجموعہ 47 رنز تک پہنچا تو اوپنر عبداللہ شفیق 19 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جبکہ قومی ٹیم کا اسکور 67 رنز پر پہنچا تو شان مسعود بھی چلتے بنے انھوں نے ٹیم کیلئے 39 رنز جوڑے۔

پاکستان کی امیدوں کے محور کپتان بابر اعظم بھی صرف 13 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ بابر اعظم جب آوٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 73 رنز تھا۔

بابر اعظم کے بعد سرفراز احمد نے ٹیم کا اسکور 101 تک پہنچایا لیکن وہ بھی ٹیم کا مزید ساتھ نہ دے سکے اور 17 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔