پٹرولیم قیمتوں کو بڑھنے سے روکنا ممکن نہیں۔فواد چودھری ۔کابینہ میں اہم فیصلے

Feb 15, 2022 | 20:34:PM
کابینہ اجلاس۔بریفنگ۔فواد۔اپوزیشن۔اہم فیصلے
کیپشن: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چودھری نے واضح کیا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھیں گی تو پاکستان میں بھی اضافہ ہوگا ،قیمتوں کو زیادہ دیر تک بڑھنے سے روکنا ہمارے لئے ممکن نہیں،اپویشن میں حکومت کو گرانے کی سکت نہیں، مولانا فضل الرحمان، بلاول بھٹو، مریم نواز، شہباز شریف پاکستان کی تاریک علامتیں ہیں، ان کا کوئی مستقبل نہیں، بلاول اور مریم نواز کو کراچی اور لاہور کے میئر کا انتخاب لڑ کر سیاست کا آغاز کرنا چاہئے ۔

منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے فواد چودھری نے کہاکہ کابینہ نے وفاقی حکومت اور اعلیٰ عدلیہ کے مابین اہم ملکی امور پر مشاورت کرنے کے لئے فورم قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے،اس فورم کی موجودگی میں اہم انتظامی امور میں غیر ضروری التواءکو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ چوہدری فواد حسین نے کہاکہ اہم زیر التواءامور میں ٹیکس کے مقدمات، سرمایہ کاری، انتظامی تعیناتیوں پر اسٹے آرڈر جیسے اہم مقدمات شامل ہیں جن کی وجہ سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ا±ٹھانا پڑتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اس وقت ایف بی آر کے 300 ٹریلین روپے اور ریگولیٹری اتھارٹیز کے 250 ارب روپے کے مقدمات مختلف عدالتوں میں زیر التواءہیں، اگر اسٹے آرڈرز کی مدت متعین کردی جائے تو ملک وقوم کا فائدہ ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ کابینہ نے اہم شخصیات بالخصوص خواتین پر الزامات اور ان کے خلاف سوشل میڈیا پر گھٹیا الزامات لگانے کے سلسلے پرگہری تشویش کا اظہار کیا اور اس کے تدارک کے لیے قانون سازی پر زوردیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ نے وفاقی حکومت کی طرف سے پاکستانی عوام کو 127 ارب روپے کی مفت کورونا ویکسین فراہم کرنے پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوںنے کہاکہ کابینہ نے وزارت کامرس کی سفارش پر اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے بورڈآف ڈائریکٹرزکی تنظیم نو کرنے کی منظوری دے دی،اس منظوری کے بعد بورڈ میں چیئرمین اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن ، وزارت کامرس، وزارت صحت اور وزارت خزانہ کے نمائندگان بطور سرکاری ڈائریکٹرز شامل ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں اقتصادیات کے ماہرین ہمایوں بشیر، محترمہ پورو سدوا، معین فودا اور انور منصور خان بطور خودمختار ڈائریکٹرز شامل ہوں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ کابینہ نے بین الاقوامی کمپنی Peugeot کو پاکستان میں گاڑیوں کا کاروبار شروع کرنے کے حوالے سے کمپنی کی گاڑیاں ٹیسٹنگ کے لئے درآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ انہونے بتایاکہ وفاقی نے کابینہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد 34500 میٹرک ٹن دال مونگ ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت افغانستان برآمد کرنے کی اجازات دی ہے۔ وزیراطلاعات نے کہاکہ کابینہ نے سعودی عرب کے ساتھ 821.80 ملین ڈالرز قرضوں کی موخر ادائیگی کے معاہدے کی منظوری دی ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 2027ءتک مجموعی طورپر تقریباً 4 ارب ڈالر کی ادائیگیاںموخر ہو جائیں گی جو ملکی ترقی کے لئے استعمال کی جاسکیں گی۔ انہوںنے کہاکہ کابینہ نے ملک کے معاشی استحکام کے لئے جاری کردہ بین الاقوامی بانڈز کی مدت میں توسیع کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ کابینہ نے ہدایت دی کہ ان بانڈز کو انتظامی اور ادارہ جاتی تحفظ فراہم کرنے کے حوالے سے وزارت خزانہ اور وزارت قانون مشاورت کریں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ نے ڈاکٹرنوید حامد کو مزید تین سال کے لئے مانیٹری پالیسی کمیٹی پر بطور ممبر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ انہوںنے کہاکہ کابینہ نے پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل کلاﺅڈ پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ پالیسی سرکاری اداروں میں ڈیجیٹل ڈیٹا کے بین الاقوامی معیار کے مطابق ایک جگہ پر تحفظ فراہم کرنے کے لئے بنائی گئی ہے،اس پالیسی کی بدولت ملک میں کلاﺅڈ کمپیوٹنگ کے لئے افرادی قوت کی تربیت، اہم پالیسی سازی کے لئے ڈیٹا کا بروقت استعمال، وسائل کا موثر استعمال اور ڈیجیٹل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل 2022ءکے مسودے کی اصولی منظوری دے دی ہے، اس قانون کی بدولت ذاتی معلومات تک رسائی، استعمال، درستگی اور غلط استعمال کو روکنے کے لئے شہریوں کو تحفظ حاصل ہوگا۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ڈیٹا پروٹیکشن کے بین الاقوامی ضابطہ کار اور اصول اس بل کا حصہ ہوں گے۔ یہ مسودہ کمیٹی برائے قانون بھجوایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ کابینہ نے وزارت قانون کی سفارش پر لاءاینڈ جسٹس کمیشن میں تعیناتیوں کی منظوری دی۔ فواد حسین نے کہاکہ کمیشن میں جسٹس(ر) میاں محمد اجمل ، جسٹس (ر) فیصل عرب، جسٹس (ر) محمد سیر علی اور سینئر ایڈووکیٹ سید ایاز ظہور تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ نے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام کی اصولی منظوری اور قوانین بنانے کی ہدایت دی ہے، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ ان قوانین اور عدالتوں کے قیام سے سمندرپار پاکستانیوں کے ملکیتی مقدمات جلد نمٹانے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ کابینہ نے باسکا بلاک میں چائنہ ڑنہوا آئل کے ورکنگ انٹرسٹ اور آپریٹرشپ کا 33.5 فیصد حصہ پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کو منتقل کرنے کی منظوری دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ کابینہ نے بریگیڈیئر (ر) توفیق احمد کو ایم پی۔ ون سکیل میں ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف الیکٹرانکس (این آئی ای) کے عہدے پر تعینات کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ کابینہ نے وفاقی حکومت کے گریڈ1 تا19 تک کے ملازمین اور ایف سی ورینجرز کے لئے 15 فیصد ڈسپیریٹی ریڈیکشن الاﺅنس 2022ءکی منظوری دی۔انہوںنے کہاکہ اپوزیشن حکومت کو ہٹانے کی 13 بار کوشش کر چکی ہے لیکن کامیاب نہیں ہو سکی۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان، بلاول، مریم اور شہباز شریف اپنے بوجھ تلے خود دبے ہوئے ہیں، ان میں سکت نہیں کہ یہ حکومت کو ہٹا سکیں۔ انہوںنے کہاکہ جے یو آئی مجموعی طور پر ساٹھ سے 70 نشستوں پر الیکشن لڑتی ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی بھی ڈویژنوں کی پارٹیاں ہیں، عمران خان کے آگے ان جماعتوں کی کوئی حیثیت نہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ہم چاہتے ہیں کہ شہباز شریف کے کیسز براہ راست عوام کو دکھائے جائیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ لوگوں کو پتہ چل سکے کہ مقصود چپڑاسی، مسرور احسن اور منظور پاپڑ والا کے اکاﺅنٹوں سے کس طرح اربوں روپے شہباز شریف اینڈ کمپنی کے اکاﺅنٹوں میں منتقل ہوئے۔چوہدری فواد حسین نے کہاکہ وزیر مملکت فرخ حبیب ان کیسوں کے حوالے سے ایک قرارداد قومی اسمبلی میں پیش کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ فی الحال تحریک عدم اعتماد نظر نہیں آ رہی، مجھے تو یہ جیلوں میں نظر آ رہے ہیں، پیپلز پارٹی کی طرف سے خواتین کی تضحیک پر مبنی گفتگو کبھی سامنے نہیں آئی، یہ مسئلہ ن لیگ کے ساتھ ہے، وہ اس طرح کی گندگی پھیلاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ (ن )لیگ نے اس سے پہلے نصرت بھٹو اور بی بی شہید کے بارے میں بھی مہم شروع کر رکھی تھی۔ انہوںنے کہاکہ مریم نواز نے اس شخص کے حق میں ٹویٹ کیا جو یہ ساری مہم لیڈ کر رہا تھا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ مریم نواز خود بھی خاتون ہیں، انہیں اس طرح کی مہمات کو سپورٹ نہیں کرنا چاہیے ، اس کا سب سے زیادہ نقصان انہیں خود ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں اپنے معاشرے کی اقدار کو سامنے رکھنا چاہئے اور اس کے مطابق چلنا چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایسی مہمات شروع کرنے والے لوگوں کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی سپانسرڈ قرارداد کی منظوری دی ہے جس میں فیک نیوز کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں۔بھارت کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرے۔فرانس میں سفیر کی تعیناتی پر کام ہو رہا ہے۔عمران خان