راولپنڈی میں دھماکا، 25 افراد زخمی

Dec 13, 2020 | 15:54:PM
راولپنڈی میں دھماکا، 25 افراد زخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز) راولپنڈی تھانہ گنج منڈی کے سامنے  دھماکا ہوا جس میں25افراد زخمی ہوگئے۔  3افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

تفصیلات کے مطابق  راولپنڈی کے علاقے تھانہ گنج منڈی کے قریب نامعلوم افراد دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے، جس کے اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری، بم ڈسپوزل سکوارڈ کا عملہ اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور عوام کے لئے راستے بند کردیئے گئے۔

ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق دستی بم کچھ دیر بعد پھٹ گیا اور دھماکے میں 25 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے 3 افراد کی حالت نازک ہے۔تمام زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

 ایس ایچ او تھانہ گنج منڈی کا کہنا ہے کہ دھماکا تھانے کے سامنے فلٹریشن پلانٹ کے قریب ہوا، دھماکے کے بعد جائے حادثہ کے قریب تمام علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے جبکہ پولیس اور بم ڈسپوزل اسکوارڈ کا عملہ دھماکے کی نوعیت جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

سی پی او راولپنڈی احسن یونس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ شہر میں 10 روز کے دوران یہ دوسرا دھماکا ہے، پہلا دھماکا پیرودہائی اور دوسرا گنج منڈی میں ہوا، دونوں دھماکے تھانوں کے قریب ہوئے جبکہ خفیہ اداروں کی جانب سے شہر میں دہشت گردی کی اطلاعات بھی موجود ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت کے متعلق کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔