سائنس اور انسانیت کیلئے بڑا دن،کورونا ویکسین کا استعمال شروع

Dec 08, 2020 | 13:15:PM
سائنس اور انسانیت کیلئے بڑا دن،کورونا ویکسین کا استعمال شروع
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) سائنسدانوں کی انتھک محنت  رنگ لے آئی۔کامیاب ویکسین ٹرائل کے بعد دنیا کی پہلی کورونا ویکسین برطانیہ میں  90سالہ معمرخاتون کو لگادی گئی۔

دنیا میں 15لاکھ سے زائد انسانی زندگیوں کو نگلنے اور کروڑوں افراد کو متاثر کرنے والی وبا کورونا وائرس کو لگام ڈالنے کیلئے برطانیہ میں ویکسی نیشن پروگرام کا آغاز کردیا گیا ۔غیرملکی میڈیا کے مطابق جس کے تحت 90 سالہ خاتون مارگریٹ کینان کو فائزر اور بایو این ٹیک کی کورونا ویکسین لگائی گئی ہے۔خیال رہے کہ امریکی اور جرمن دواساز کمپنیوں کا دعویٰ ہےکہ ان کی کورونا ویکسین کسی بھی نقصان کے بغیر 95 فیصد مؤثر ہے جب کہ برطانیہ نے گزشتہ ہفتے ویکسین کے وسیع پیمانے پر استعمال کی اجازت دی تھی۔

برطانوی میڈیا کے مطابق کورونا ویکسین سب سے پہلے عمر رسیدہ افراد اور طبی شعبے سے وابستہ ملازمین  کو لگائی جائے گی۔واضح رہے کہ رواں ماہ برطانوی حکومت کی جانب سے کورونا ویکسین کے وسیع پیمانے پر استعمال کی منظوری دی گئی اور کہا گیا تھا کہ ملک بھر میں اگلے ہفتے سے کورونا ویکسین کے استعمال کا آغاز کیا جائے گا۔برٹش ریگولیٹری اتھارٹی کے مطابق فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین کورونا سے 95 فیصد تک تحفظ فراہم کرتی ہے۔

برطانیہ میں کورونا سے آج 189 اموات  رپورٹ ہوئی ہیں  جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 61434 ہوگئی ہے جبکہ  کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 لاکھ 38 ہزار ہے ۔