کراچی میں طوفانی بارش،مختلف علاقے پانی میں ڈوب گئے

Feb 04, 2024 | 11:15:AM
کراچی میں طوفانی بارش،مختلف علاقے پانی میں ڈوب گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)کراچی میں موسلادھاربارش کے بعد اربن فلڈنگ،مختلف علاقے پانی میں ڈوب گئے،سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

کراچی میں گزشتہ رات کی بارش نے شہری انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا، جبکہ شہر کا نقشہ ہی تبدیل کر کے رکھ دیا ، بارش رکنے کے کئی گھنٹوں بعد بھی کئی سڑکوں سے پانی کی نکاسی ممکن نہ ہوسکی، بارش کے باعث بجلی کی سپلائی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،بیشترعلاقوں میں تاحال پانی جمع ،کورنگی اللہ والا ٹاؤن کی سڑکیں بھی زیر آب آگئی ہیں، علاقہ مکینوں اور راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے،سب سے زیادہ بارش پی ایف بیس فیصل پر75 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی  جبکہ محکمہ موسمیات نےشہر میں مطلع ابر آلود رہنے جبکہ  آئندہ 24 گھنٹے کے دوران وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات نے بھی اعداد وشمار جاری کردئیے،شہرِ قائد میں سب سے زیادہ بارش پی ایف بیس فیصل پر75ملی میٹرریکارڈ کی گئی،ملیرہالٹ میں 64ملی میٹر،سرجانی ٹاون63.8 ملی میٹر،کیماڑی میں 55ملی میٹربارش ریکارڈ ہوئی،شہرمیں تیز بارش کے باعث تینوں بڑے سرکاری ہسپتالوں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

جناح، سول اور عباسی شہید ہسپتال میں پانی جمع ہونے کی ویڈیوسامنے آگئیں
بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث شان چورنگی سے گودام چورنگی تک بد ترین ٹریفک جام رہا،کورنگی مہران ٹائون اور اللہ والا ٹائون کی گلیاں بھی تالاب بن گئیں،دو،دوفٹ پانی جمع ہونے سے علاقہ مکین پھنس گئے،صدر موبائل مارکیٹ ایم اے جناح روڈ لیاقت آباد، گرومندر، کورنگی سمیت کئی سڑکیں تاحال پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں،کراچی گرومندر کے قریب درخت سڑک پر گرنے سے لسبیلہ سے گرومندر جانیوالی سڑک بھی بند ہوگئی تھی جسے بعد میں ٹریفک کیلئے بحال کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سرجانی میں سب سے زیادہ 62 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کراچی ائیرپورٹ پر 41.8، یونیورسٹی روڈ پر 29.8، ناظم آباد میں 23.5، نارتھ کراچی میں 33.6، گلشن معمار میں 23 اور کلفٹن میں 39.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی میں نچلی سطح کے بادل موجود ہیں جس کے باعث شہر میں شام تک بارش کا امکان رہے گا، شہر میں ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے اور 5 فروری کے بعد کراچی میں صبح و رات موسم خنک رہنےکا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی میں شدید بارش،فلائٹ آپریشن متاثر،20 پروازیں منسوخ

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی شہر کا موجودہ درجہ حرارت 19.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شمال مشرق سے 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواٸیں چل رہی ہیں جو دن کے اوقات میں 20 سے 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں،محکمہ موسمیات کے حکام کا بتانا ہے کہ شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب اس وقت 92 فیصد ہے۔

سی اے اے نے ہدایت کی ہے کہ چھوٹے طیاروں اور ہیلی کاپٹر کو ونگز کے ساتھ وزن لگا کر باندھا جائے، کراچی ایئرپورٹ پر کھلے سامان کو درست جگہ سٹور کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب پونچھ ڈویژن کے صدر مقام راولاکوٹ اور اس کے نواحی اضلاع باغ حویلی اور سدہنوتی میں آج بھی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافہ ہونے لگا اور بالائی علاقوں کے عوام گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ 

راولاکوٹ کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ شاہرات نے تمام مین سڑکوں پر سے برف صاف کرواتے ہوئے ٹریفک بحال والے دی تاہم بعد بالائی مقامات پر برفباری جاری رہنے کی وجہ سے رابطے بحال کرنے میں دشواری کا سامنا ہے۔