حکومت مخالف مشن ۔۔پی ڈی ایم نے ایک اور بڑا فیصلہ کرلیا

Apr 03, 2021 | 15:00:PM
حکومت مخالف مشن ۔۔پی ڈی ایم نے ایک اور بڑا فیصلہ کرلیا
کیپشن: پی ڈی ایم اجلاس(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل مسلم لیگ (ن) سمیت 5 جماعتوں  نے ایوان بالا میں 27 اپوزیشن سینٹرز پر مشتمل الگ بلاک بنانے پر اتفاق کرلیا۔

سینٹ میں ن لیگ کے پارلیمانی لیڈر اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ سینٹ میں بلاک بنانے کا فیصلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) میں شامل 5 جماعتوں کے سینٹ کے رہنماؤں کےاجلاس میں کیاگیا۔ان کا کہنا تھاکہ ن لیگ، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی اور بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل  نے سینٹ میں اپوزیشن بلاک بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعظم نذیر کے مطابق پیپلزپارٹی اورعوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سے وضاحت طلبی کیلئے صدرپی ڈی ایم سے بھی رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ بی اے پی سے ووٹ لینے کا معاملہ صدر پی ڈی ایم کو بھجوایا جائے اور پی ڈی ایم سربراہ وضاحت طلب کریں کہ دونوں جماعتوں نے اصولوں اور فیصلوں کی خلاف ورزی کیوں کی؟اعظم نذیرتارڑ کے مطابق 5جماعتوں کو توقع ہے کہ پی ڈی ایم سربراہ پی پی پی اور اے این پی سے باضابطہ وضاحت مانگیں گے۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے درمیان سینٹ میں اپوزیشن لیڈر کے معاملے پر اختلافات بڑھ رہے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے یوسف رضا گیلانی اس وقت سینٹ میں اپوزیشن لیڈر ہیں۔دو روز قبل ہی اپوزیشن اتحاد میں شامل مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے سینٹ میں یوسف رضا گیلانی کو قائد حزب اختلاف نہ ماننے پر اتفاق کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پروازیں برطانیہ کی جانب اڑان بھریں گی۔۔پی آئی اے کا بڑا فیصلہ