الخدمت فاؤنڈیشن کی ’سموگ فری لاہور مہم‘: فلسطینی شہداء کے نام کے 10 ہزار پودے لگا دیے

Nov 01, 2023 | 21:54:PM
الخدمت فاؤنڈیشن کی ’سموگ فری مہم‘: فلسطینی شہداء کے نام کے 10 ہزار پودے لگا دیے
کیپشن: فوٹو 24 نیوز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن کی ’سموگ فری لاہور‘ مہم کے تحت فلسطینی شہداء کے نام پر 10 ہزار پودے لگا دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے کے تعاون سے لاہور ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایک گرینڈ پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں سینکڑوں رضاکاروں نے 10 ہزار پودے لگائے۔ مہم کا بنیادی مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی ترغیب دینا اور اسموگ فری بنا کر صاف ماحول فراہم کرنا ہے۔

پروگرام میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدور ڈاکٹر مشتاق مانگٹ، سید احسان اللہ وقاص، الخدمت والنٹیر ہیڈ صنان اکبر، سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی، پلانٹیشن ہیڈ عبداللہ محسن، مختلف جامعات کے سربراہان، طلبہ و طالبات اور رضاکاروں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹر مشتاق مانگٹ نے بتایا کہ الخدمت میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے  آج کے پروگرام کو فلسطین کے شہداء سے منسوب کیا گیا ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن بین الاقوامی رفاہی اداروں کے تعاون سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہی ہے اور جنگ بندی پر تعمیر نو اور بحالی  میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔ آج کی تقریب کا مقصد لوگوں تک احساس پہنچانا ہے کہ ہم غزہ کے شہداء کو بھولے نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر پودے لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں میگا پلانٹیشن ڈرائیو کے ذریعے پودے لگانے کا اہتمام کر رہی ہے۔

انہوں نے مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پی ایچ اے کے کردار کو سراہا۔ سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ نوجوانوں کا مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک درخت لگانا بھی صدقہ جاریہ ہوتا ہے اس لیے انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ماحول کی بہتری میں اپنا کردار ادا کریں۔