چین نے کورونا ویکسین پاکستان کے حوالے کردی، وزیر خارجہ کا اظہار تشکر

Feb 01, 2021 | 09:56:AM
چین نے کورونا ویکسین پاکستان کے حوالے کردی، وزیر خارجہ کا اظہار تشکر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)چین نے باضابطہ طور پر کورونا ویکسین کی 5 لاکھ ڈوز پاکستان کے حوالے کردی ، وزیرخارجہ نے وفاقی حکومت،وزیراعظم ، عوام کی طرف سے چین کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا چین نے ایک بار پھر پاکستان کیساتھ لازوال دوستی کاعملی مظاہرہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں نور ایئر بیس پر چین کی جانب سے فراہم کردہ کورونا ویکسین کی پاکستان حوالگی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا ، جس میں چینی سفیر ، وزیر خارجہ محمود قریشی اور معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔تقریب میں چینی سفیر نے باضابطہ طور پر کورونا ویکسین کی 5 لاکھ ڈوز پاکستان کے حوالے کی، وزیر خارجہ شاہ محمود نے کورونا ویکسین کی ڈوز موصول کیں۔

چینی سفیر نونگ رونگ نے نورخان ایئربیس پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا چین کورونا کے تدارک کیلئے پوری دنیا میں کام کرنے کیلئے پرعزم ہے، چین کورونا کی صورت حال میں پاکستان کیساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا سب سے قریبی دوست ہے اور پہلا ملک ہے، جسے چین کورونا ویکسین فراہم کررہا ہے، پاکستان اور چین کے عوام کے درمیان بہترین شراکت داری ہے اور ویکسین کی فراہمی پاک چین دوستی کی لازوال مثال ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان چین سےکورونا ویکسین کا عطیہ لینے والا پہلا ملک ہے، پاکستان چین کےسفارتی تعلقات کو 70 سال ہوچکے ہیں، چین کو پاکستان کے ساتھ دوستی پر فخر ہے، پاکستان چین دوستی پہاڑوں سے بلند،سمندروں سےگہری ہے، چین پاکستان کو ہر شعبہ زندگی میں تعاون فراہم کرے گا۔

چینی سفیر کا کہنا تھا کہ خوشی ہے پاکستان صحت کے شعبے میں تیزی سےآگے بڑھ رہاہے، کورونا کے خلاف مشترکہ جنگ میں پاک چین تعلقات گہرے ہوئے اور سی پیک منصوبے سے پاک چین دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے۔نونگ رونگ نے مزید کہا کہ چین پاکستان کی سماجی ترقی اور معاشی بحالی میں تعاون کیلئے تیار ہے، چین کورونا وبا سے نمٹنے کیلئے پاکستان سے تعاون کیلئے تیار ہے، چین دونوں ممالک کےعوام کے روشن مستقبل کے تعاون کیلئے پرعزم ہے۔
اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا معاون خصوصی ڈاکٹرفیصل سلطان اور چینی سفیر ودیگر کا شکریہ ادا کرتا ہوں، خوشی ہے کہ چین نے ایک بار پھر پاکستان کیساتھ لازوال دوستی کاعملی مظاہرہ کیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 2021میں پاک چین سفارتی تعلقات کو 7 دہائیاں مکمل ہونے کو ہیں، پاک چین سفارتی تعلقات کی 7 دہائیاں مکمل ہونے پر اس سال کو شایان شان سے منائیں گے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ وفاقی حکومت،وزیراعظم ، عوام کی طرف سے چین کا شکریہ اداکرتے ہیں ، عوام کی مدد کاچین نے عملی مظاہرہ آج پاکستان سے کیا ہے، چین ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑارہا ہے۔انھوں نے بتایا کہ چینی وزیرخارجہ سے ویکسین کے حصول کیلئے بات چیت جاری تھی، ان سے21جنوری کو دوبارہ بات ہوئی تو انھوں نے خوشخبری دی، چینی وزیر خارجہ نے 21جنوری کو بتایا کہ چین بطور تحفہ 5لاکھ ویکسین دےگا۔
شاہ محمود قریشی نے طیارہ بیجنگ لے جانے اور فوری واپس لانے پر پاک فضائیہ اورپائلٹس کاشکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کورونا ویکسین پاکستان پہنچانے پر پاک فضائیہ کے معترف ہیں ،پاک فضائیہ نے 27 فروری کو صلاحیتوں کاجومظاہرہ کیا اس پرقوم کو فخر ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا چین اور پاکستان ملکر کینسائنو نامی ویکسین پر کام کررہے ہیں ، کینسائنو نامی ویکسین کے نتائج کے حوصلہ افزا نتائج آئے ہیں، چین کی حکومت ،سفیر اور چینی عوام کا ایک بار شکریہ اداکرتا ہوں، چین کی پاکستان کی دوستی صرف سرکار تک محدود نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ویکسین آنے کے بعد عوام خود کو محفوظ محسوس کررہے ہیں، چینی ڈاکٹرز اور ماہرین نے ہماری بھرپور رہنمائی بھی کی ہے۔

دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر این سی او سی نے اس حوالے سے اپنی حکمت عملی تیار کر لی۔ این آئی ایچ اسلام آباد میں ویکسین رکھنے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے گئے۔ صوبائی اور ضلعی سطح پر ویکسین کوآرڈینیشن مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں۔

ادھر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 615 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 57 ہزار 796، سندھ میں 2 لاکھ 47 ہزار 249، خیبر پختونخوا میں 66 ہزار 214 بلوچستان میں 18 ہزار 823، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 909، اسلام آباد میں 41 ہزار 418 جبکہ آزاد کشمیر میں 9 ہزار 19 کیسز رپورٹ ہوئے۔