طوفانی بارشوں سے تباہی، نیویارک میں ایمرجنسی نافذ

Sep 30, 2023 | 09:45:AM
امریکی ریاست نیویارک میں ایک ہفتے سے جاری طوفانی بارش کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ 
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک) امریکی ریاست نیویارک میں ایک ہفتے سے جاری طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ 

امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ 5 روز سے مسلسل ہونے والی بارشوں سے نیویارک کے مختلف حصے زیر آب آگئے۔ پانی کے ریلوں نے سڑکوں کو ندی نالوں میں تبدیل کردیا۔ زیرزمین ٹرین کے نظام کو پانی بھرنے کے باعث بند کردیا گیا۔

طوفانی بارشوں کے باعث سیکڑوں پروازیں منسوخ کردی گئیں اور تاخیر کا شکار ہوئیں جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر ائیرپورٹس پر پھنس گئے۔ نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر 3 انچ سے زیادہ پانی کھڑا ہوگیا۔

نیویارک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد ریاست میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیویارک کا انفرا اسٹرکچر اتنا زیادہ پانی ہینڈل نہیں کر پا رہا جس کی وجہ سے افراتفری ہے اور معمول کی زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ شہر میں ایک ہفتے سے جاری بارش اور سیلاب کی وجہ سے تباہی ہو سکتی ہے جس کے پیش نظر شہر میں ہنگامی صورتحال نافذ کی گئی ہے۔

میئر ایرک ایڈمز نے مزید کہا ہے کہ شہری بھی ہنگامی صورتحال کے دوران احتیاط سے کام لیں اور بلا ضرورت نقل حمل سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ امریکی شہر نیویارک میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے، شہر کے سب وے سٹیشنز میں پانی بھر گیا جبکہ گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگی ہیں