تبدیلی کیلئے وقت چاہئے، عوام پریشان نہ ہوں، عمران خان 

Jan 28, 2021 | 14:31:PM
تبدیلی کیلئے وقت چاہئے، عوام پریشان نہ ہوں، عمران خان 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم عمران خان کاکہناہے کہ لوگ کہتے ہیں تبدیلی نہیں آئی، پرانی عادتیں پڑ جائیں تو تبدیلی کیلئے وقت لگتا ہے ، تبدیلی کیلئے وقت لگتا ہے ، پریشان نہ ہوں۔
عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لانگ ٹرم پلاننگ سے ملک ترقی کرتے ہیں ،ہر 5 سال کے انتخابات کی وجہ سے یہاں طویل مدتی منصوبہ بندی نہیں ہو سکی۔انہوں نے کہاکہ ماضی میںجو معاہدے کئے اس کی وجہ سے برصغیر میں ہماری بجلی سب سے مہنگی ہے ، 24 ہزار میگا واٹ کے ارد گرد استعمال ہوتی ہے ،سردیوں میں بجلی نہ بھی استعمال کریں تو بھی پیسے دینے پڑتے ہیں۔
وزیراعظم کاکہناتھا کہ گزشتہ حکمرانوں کی اگلے الیکشن کیلئے شارٹ ٹرم سوچ ہوتی تھی، روشن خیالی دوسری قوموں کو خوش کرنے کیلئے تھی ،ان کاکہناتھاکہ روپے کی قیمت کم ہونے سے 3ہزار ارب قرض بڑھا ۔
عمران خان کاکہناتھا کہ دنیا میں عزت اس کی ہوتی ہے جوخوددارہوتاہے، ہمیں ایک خوددارپاکستان کی طرف جانا ہے ،انہوں نے کہاکہ 2ہزار ارب میں سے 800ارب کورونا کی وجہ سے ٹیکس کلیکشن کم ہوئی ۔
قبل ازیں وزیراعظم کی زیر صدارت پنجاب میں ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات میں پیشرفت کیلئے جائزہ اجلاس ہوا، وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان، صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد اور سینئر افسروں نے شرکت کی، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار، وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جواں بخت ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس کو پنجاب کی صوبائی کابینہ کی جانب سے حال ہی میں صوبے کی 100 فیصد آبادی کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کی فراہمی کی منظوری کے حوالے سے آگاہ کیا گیا، اجلاس کو پنجاب کی سو فیصد آبادی کو اس سال کے آخر تک ہیلتھ کارڈ کی فراہمی میں ابتک ہونے والی پیش رفت اور اہداف کے حصول کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اس مالی سال کے اختتام تک پنجاب کے 7 اضلاع کی مکمل آبادی کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کر دی جائے گی، دسمبر 2021 تک پنجاب کے تمام اضلاع میں ہیلتھ کارڈز کی فراہمی کر دی جائے گی۔
 وزیراعظم نے صوبہ پنجاب میں عوام الناس کو ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات میں پیش رفت کو سراہا ، وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے،بد قسمتی سے ماضی میں صحت کے نظام میں غریب طبقے کے تحفظ پر توجہ نہ دی گئی،ہیلتھ کارڈ کی فراہمی کی بدولت غریب اور مستحق افراد صحت کی معیاری سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔ 

قبل ازیں ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان  نے صوبائی دارالحکومت میں تجاوزات کیخلاف   آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرقانونی  قبضہ مافیا کو کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، (ن) لیگ کی قیادت لاہور کے قبضہ مافیا کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئی ہے۔

اجلاس میں ملکی معاشی و سیاسی صورتحال پر غور اور حکومتی بیانیہ سے متعلق مشاورت کی گئی۔ قومی سطح کے مختلف امور پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو اوقاف کی جانب سے قبضہ مافیا پربھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے موجودہ سیاسی صورتحال پر گائیڈ لائنز دیں ۔اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا کو نہیں چھوڑیں گے، سینٹ انتخابات صاف شفاف ہوں گے۔