گرمی میں ٹھنڈک کا احساس پیدا کرنے والے مشروبات

May 20, 2024 | 22:03:PM
گرمی میں ٹھنڈک کا احساس پیدا کرنے والے مشروبات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) دنیابھر کے انسانوں کو ماحولیاتی تبدیلی جیسے اہم مسئلے کا سامناہے ،جس کے اثرات میں سے ایک انتہائی تیزی کیساتھ بدلتا درجہ حرارت بھی ہے ، لیکن پاکستان اس سے زیادہ متاثر ہو رہاہے اور ہر گزرتے دن کیساتھ درجہ حرارت میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے ، ماہرین اس کا حل توشجر کاری  بتا رہے ہیں جو کہ بہت ضروری ہے اس کے ساتھ ساتھ خود کواس حدت سے بچانے کیلئے بھی ہمیں کچھ پروٹوکولزپر عمل کرنا ہوگا۔ 

ماہرین کے مطابق لُو اور ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ ہم جب دن کے اوقات میں باہر نکلیں تو اپنہ منہ خاص طور پر سر ڈھانپ کر باہر نکلیں اس کے ساتھ ساتھ ایسے مشروبات کااستعمال کریں جو کہ اندرونی طور پر آپ کے جسم کو گرمی سے بچانے میں معاون ثابت ہوسکیں،بازار میں ایسے بہت  سے مشروبات موجود ہیں جن کے بارے میں ہر بیچنے والا دعویٰ کر رہا ہو گا کہ گرمی کا توڑ  صرف اسی خاص مشروب میں ہے لیکن بازار کے مشروبات یا کولڈ ڈرنکس ذائقے میں تو کافی اچھی ہوتی ہیں لیکن ان میں کیا اور کیسا شامل کیا گیا ہے یہ ہم نہیں جانتے، اس لیے نقصان بھی ہوسکتا ہے۔

کبھی کبھی ہم یہ بھی نہیں جانتے کہ بازار کے مشروبات میں شامل برف کس پانی سے جمائی گئی ہے نہ جانے اس برف میں کتنے جراثیم شامل ہوتے ہوں۔ اس لئے ضروری ہے کہ بازار کے مشروبات سے گریز کریں کیونکہ اس سے آپ کی صحت بھی خراب  ہونے کا خدشہ ہے۔

اس لیے آج ہم آپ کو کچھ ایسے مشروبات کے بارے میں بتائیں گے جو ذائقے میں بھی بہترین ہیں، بجٹ میں بھی مناسب ہیں اور ان کی تاثیر بھی ٹھنڈی ہے جس سے گرمی کے موسم میں جسم کو لاحق مشکلات سے بچا جاسکتا ہے۔

ناریل کا پانی

شدید گرمی کے موسم میں قدرتی مشروب جیسے ناریل کا پانی درحقیقت ایک خدائی تحفہ ہے۔ یہ مشروب ہر طرح کے طبی فوائد اور جسم کو ٹھنڈا کرنے کی طاقت سے بھرپور ہوتا ہے۔ ناریل کے پانی میں شامل قدرتی مٹھاس اور ضروری معدنیات جسم میں پانی کی کمی نہیں ہونے دیتے اور ایسے شواہد بھی موجود ہیں کہ ناریل کا پانی کینسر کے خلاف جدوجہد اور بڑھاپے کی جانب سفر کو سست کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اسی طرح ناریل کے خول میں موجود اس کا پھل بھی وٹامنز، منرلز اور پوٹاشیم سے بھرپور اور توانائی بخش ہوتا ہے۔

لیموں پانی

میں تازہ لیموں کے پانی کا استعمال بھی شدید گرمی کے موسم کے دوران فرحت بخش ثابت ہوتا ہے جبکہ اس میں وٹامن سی اور متعدد طبی فوائد بھی موجود ہوتے ہیں۔ آپ اس کو میٹھا کرسکتے ہیں، نمک ڈال سکتے ہیں یا کچھ مقدار میں کالی مرچ اور زیرے کا پاﺅڈر بھی شامل کرسکتے ہیں۔ اسے ٹھنڈا کرکے استعمال کریں اور گرمی سے نجات پائیں۔

لسی

سائنسدانوں کا ماننا ہے کہ دہی خدا کی ایک ایسی بہترین نعمت ہے جس میں جسم کو ٹھنڈا کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔ آپ اس سے مزیدار ٹھنڈی لسی بنا سکتے ہیں، رائتہ اور دیگر اشیا، تاہم لسی تو گرمی کو دور بھگانے کے لیے سب سے بہترین سمجھی جاتی ہے اور لسی وہ مشروب ہے جسے پینے سے گرمی کے مارے شہریوں کو فرحت محسوس ہوتی ہے ۔

کولڈ کافی

ہر انسان کا نقطہ نظر مختلف ہوتا ہے۔ اگر آپ کو دن کے آغاز میں زیادہ کیفین کی ضرورت ہوتی ہے تو آپ صبح کی پہلی کافی کو کولڈ کافی سے تبدیل کرسکتے ہیں جو کہ آپ کے ذہن میں گرمی کے احساس کو بھی کم کردے گی۔ کولڈ کافی کا استعمال جلدی کینسر کا خطرہ کم کرتا ہے جو کہ شدید دھوپ میں بہت زیادہ گھومنے کی وجہ سے کافی حد تک بڑھ سکتا ہے، اس کافی کے مزید بھی فوائد ہیں۔

سبز چائے

پاکستان میں چائے مقبول ترین مشروبات میں شامل ہے  اور بیشتر لوگ تو اپنے کام کاج بھی اس گرم مشروب کے بغیر صحیح طریقے سے کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔ تاہم اگر آپ عام چائے کی بجائے گرمیوں میں سبز چائے کو ترجیح دیں تو یہ ایک صحت مند اور ہلکا پھلکا انتخاب ثابت ہوتا ہے، جبکہ آئس ٹی بھی ایک اچھا متبادل ثابت ہوسکتی ہے۔ سبز چائے انسان کو موٹاپے سے بھی دور رکھتی ہے۔