Feb 28, 2024 | 15:35:PM

پی ٹی آئی میں اختلافات،اسد قیصر سے فیصلوں کا اختیار واپس،عاقب اللہ کی جگہ بابر سلیم سواتی سپیکر نامزد

پی ٹی آئی میں اختلافات،اسد قیصر سے فیصلوں کا اختیار واپس،عاقب اللہ کی جگہ بابر سلیم سواتی سپیکر نامزد
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)خیبر پختونخوا میں حکومت بنانے سے پہلے پی ٹی آئی میں اختلافات سامنے آگئے۔بانی پی ٹی آئی نے اسد قیصر کے بھائی کی جگہ کسی اور کو سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کیلئے امیدوار نامزد کردیا ۔اسد قیصر سے پارٹی فیصلوں کا اختیار بھی لے لیا ۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی کے لیے اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو نامزد کیا تھا جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی نے چترال سے الیکشن جنرل نشست پر الیکشن جیتنے والی ثریا بی بی کو نامزد کیا تھا۔تاہم اب اطلاعات ہیں کہ پی ٹی آئی نے عاقب اللہ کی جگہ بابر سلیم کو اسپیکر کے پی اسمبلی کا امیدوار نامزد کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق اس حوالے سے ذرائع کا بتانا ہے کہ پارٹی میں عاقب اللہ کی نامزدگی کے حوالے سے تحفظات پائے جاتے تھے اور پارٹی پریشر کی وجہ سے عاقب اللہ کی نامزدگی کا فیصلہ تبدیل کیا گیا۔ عاقب اللہ کی جگہ بابر سلیم سواتی کو اسپیکر کے پی اسمبلی کا امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ گزشتہ روز عمر ایوب کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ہونے والی ملاقات میں کیا گیا۔

عمر ایوب نے بھی اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر کے لیے بابر سلیم کو نامزد کر دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے عاقب اللہ کو اسپیکر کے پی اسمبلی کے عہدے سے ہٹانے کے بعد ان کے بھائی اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پارٹی کے سیاسی امور سے متعلق فیصلے کرنے سے روک دیا۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ کو اسپیکر کیلئے نامزدگی سے ہٹانے کا فیصلہ عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر کے شدید ردعمل کے بعد آیا۔
ذرائع کے مطابق اب پی ٹی آئی نے اسد قیصر کو سیاسی امور سے متعلق فیصلوں سے بھی روک دیا گیا، موجودہ سیاسی کمیٹی کو مذاکرات، حکومت سازی سے متعلق روابط سے روک دیا گیا۔ بیرسٹر گوہر اور عمر ایوب سیاسی جماعتوں کے روابط سے متعلق کمیٹی کے ناموں کا فیصلہ کریں گے، پارٹی کے حتمی فیصلوں کی منظوری عمر ایوب اور بیرسٹر گوہر دیں گے۔