پنجاب اسمبلی؛ چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹانے کی قرارداد منظور

Oct 22, 2022 | 18:33:PM
پنجاب اسمبلی، چیف الیکشن کمشنر، عہدے سے ہٹانے، قرارداد منظور
کیپشن: سبطین خان پنجاب اسمبلی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پنجاب اسمبلی میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے قرارداد منظور کرلی گئی ،اپوزیشن کا شدید احتجاج، ایوان مچھلی منڈی بن گیا۔
تفصیلات کے مطابق سپیکر سبطین خان کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا،اجلاس میں توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو نااہل قرار دینے پرچیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو عہدے سے ہٹانے کیلئے قرارداد پیش کی گئی، میاں اسلم اقبال، عثمان بزدار، میاں محمود الرشید، علی افضل ساہی سمیت دیگر نے قرار داد پیش کی، سابق وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے قرار داد پڑھ کر سنائی۔
قرارداد کے متن میں کہاگیاہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ بدنیتی پرمبنی ہے،عمران خان وفاق کی علامت ہیں،اس طرح کے فیصلے کا مقصد نقصان پہنچانے کے مترادف ہے،قرارداد میں کہاگیاہے کہ عدالت پہلے ہی عمران خان کو صادق و امین کہہ چکی ہے، الیکشن کمیشن کا یہ اختیار نہیں ہے،قرارداد میں کہاگیا ہے کہ انتخابات میں ہرا نہیں سکتے تو نا اہل کرتے ہو،یہ ایوان اس فیصلے کو مسترد کرتا ہے،قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کو عہدے سے ہٹایا جائے۔
قرارداد میں کہاگیاہے کہ ایوان بند کمروں میں ہونے والی سازشوں کو قبول نہیں کرے گا،عمران خان کو غیر آئینی طور پر نااہل کرنے پر ہم شدید احتجاج کرتے ہیں،قرارداد میں مزید کہاگیاہے کہ فیصلے کا متن ابھی تک جاری نہیں ہوا،ایک رکن نے ابھی تک فیصلے پر سائن نہیں کئے ،یہ ایوان فیصلے کو مسترد کرتا ہے،حکومت کی جانب سے پیش کردہ قرار داد منظور کر لی گئی۔
اپوزیشن نے چیف الیکشن کمشنر کیخلاف قرارداد پر سپیکر ڈیسک کے آگے احتجاج کیا ،سپیکر حکومتی ارکان کو چپ رہنے کی ہدایت کرتے رہے،ایوان میں اپوزیشن اور حکومتی اراکین آمنے سامنے آگئے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی، خواتین لیگی کارکنان دوران اجلاس سیٹیاں بجا کر احتجاج کر رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خا ن کا لانگ مارچ کی تاریخ جمعہ کو دینے کا اعلان