سپریم کورٹ نے گھریلو تنازع سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا 

Jul 22, 2023 | 22:56:PM
سپریم کورٹ نے گھریلو تنازع سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا 
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) سپریم کورٹ نے گھریلو تنازع سے متعلق کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا ہے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کی جسٹس عائشہ ملک نے 6 صفحات پر مشتمل فیصلہ تحریر کیا۔ سپریم کورٹ کے جاری کردہ تحریری فیصلے کے مطابق آئینی عدالتیں فیملی کیسز کے حقائق کا جائزہ نہیں لے سکتیں، اپیل کا حق دینے یا نہ دینے کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو حاصل ہے، دوسری اپیل کا حق دستیاب نہ ہو تو متعلقہ فورم کا فیصلہ حتمی تصور ہوگا، ہائیکورٹ کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ سائلین کو دوسری اپیل کا حق دے۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا سرکاری ملازمین کیلئے بڑا دھچکا، مفت بجلی، پٹرول اور بیرونِ ملک دوروں پر پابندی

سپریم کورٹ کے جاری کردہ تحریری فیصلے میں مزید کہا گیا کہ فیملی کیسز میں حقائق کا جائزہ لینے کیلئے ہائیکورٹ کو دوسری اپیل کا حق نہ دینے کا مقصد قانونی تنازعات کو جلد حل کرنا ہے، اگر ہائیکورٹس فیملی کیسز میں حقائق کا جائزہ لینا شروع کر دیں تو اس سے مقدمات کا سیلاب آمد آئے گا، عدالتوں کو یہ اختیار نہیں دیا جاسکتا کہ وہ غیر ضروری طور پر قانونی عمل کا غلط استعمال کریں، جب ٹرائل کورٹس اور اپیلٹ کورٹ حقائق کا تعین کر دیں تو آئینی عدالتوں کو مداخلت سے گریز کرنا چاہیے، ٹرائل کورٹس اور اپیلٹ کورٹس کو حقائق کا جائزہ لینے کا اختیار دینے کا مقصد غیر ضروری مقدمہ بازی کی روک تھام ہے۔

واضح رہے کہ کوہاٹ کی فیملی کورٹ نے میاں بیوی کے تنازع پر بیوی کے حق میں فیصلہ سنایا تھا اور ڈسٹرکٹ کورٹ کوہاٹ نے بھی فیملی کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا جبکہ پشاور ہائیکورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہ لینے پر ماتحت عدالتوں کے فیصلے کالعدم قرار دیئے تھے۔