روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کراچی سے بھی شروع کرنے کا حکم

Apr 22, 2024 | 10:42:AM
روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کراچی سے بھی شروع کرنے کا حکم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: 24news.tv
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان نے اسلام آباد کے بعد کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ فوری طور پر شروع کرنے کا حکم دیدیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے دو رکنی سعودی وفد نے اتوار کو جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق سعودی قونصلیٹ جنرل دورہ کرنے والے سعودی وفد کے ہمراہ رہے۔

وفاقی حکومت کے متعلقہ عہدیداروں کے مطابق روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت کراچی سمیت سندھ بھر کے عازمین حج کے امیگریشن اور دیگر تمام ضروری تقاضے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہی پورے کر لیے جائیں گے اور یہاں سے کلیئر شدہ حجاج کرام جدہ ائیرپورٹ اور مدینہ ائیرپورٹ پر امیگریشن کے طویل دورانئے کے عمل سے گزرے بغیر براہ راست اپنی ٹرانسپورٹ کے ذریعے رہائش گاہوں پر چلے جایا کرینگے۔

ضرورپڑھیں:ایرانی صدر ابراہیم رئیسی تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،اہم ملاقاتیں متوقع

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا اسلام آباد ائیرپورٹ پر پہلے ہی کامیابی سے آغاز ہو چکا ہے۔کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے آغاز کیلئے قائم مقام ائیرپورٹ منیجر نے سعودی وفد کو بریفنگ دی اور وفد کو ائیرپورٹ لاؤنجز کا جائزہ لینے کی دعوت دی۔

سعودی وفد نے ائیرپورٹ سکیورٹی فورس‘ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی‘ کسٹمز حکام سمیت سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام سے ملاقاتیں کیں۔سعودی وفد کی پروسیسنگ ضروریات اور طریقہ کار کے تعین کیلئے ٹیکنیکل ٹیم سے بھی ملاقات کرائی گئی۔

عازمین حج کیلئے کراچی ائیرپورٹ پر سعودی امیگریشن سہولیات کو حتمی شکل چند روز میں دے دی جائے گی۔