کراچی میں بھارتی وائرس ڈیلٹاتیزی سے پھیلنے لگا۔۔ ہیلتھ ایمرجنسی کا مطالبہ

Jul 19, 2021 | 20:57:PM
کراچی میں بھارتی وائرس ڈیلٹاتیزی سے پھیلنے لگا۔۔ ہیلتھ ایمرجنسی کا مطالبہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)ڈاکٹروں اور ماہرین صحت نے حکومت سے کراچی میں کورونا کے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے تیزی سے پھیلنے کے باعث ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کا مطالبہ کردیا۔
سرکاری اور غیر سرکاری اسپتالوں میں جگہ ختم ہونے لگی۔حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے۔حکام کے مطابق سول اسپتال کراچی میں 48 بیڈ کے سرجیکل وارڈ کو کورونا وارڈ میں بدلا جارہا ہے۔
 جناح اسپتال کراچی کے چیسٹ وارڈ کو بھی کورونا وارڈ میں بدلنے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔پروفیسر انجم رحمان نے بتایا کہ لیاری جنرل اسپتال کے کورونا وارڈ میں بیڈز کی تعداد بڑھا رہے ہیں، شہر کے چند پرائیویٹ اسپتالوں میں جگہ خالی ہے لیکن مریض وہاں جانے کو تیار نہیں۔حکام کے مطابق کراچی میں ڈیلٹا ویرینٹ کی شرح 92 فیصد سے بڑھ چکی ہے، ڈاکٹروں اور طبی عملے میں بھی کورونا وائرس انفیکشن کی شرح بڑھنے لگی ہے۔
 انڈس اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انڈس اسپتال کا کورونا وارڈ اور ایمرجنسی مریضوں سے بھر گئی، اضافی بیڈز لگا کر مریضوں کو رکھا جا رہا ہے۔پروفیسرعبدالباری نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال بے قابو ہو چکی ہے، عوام سے ایس او پیز پر عمل کرنے اور ویکسین لگوانے کی درخواست ہے۔
حکام محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ایکسپو سینٹر کراچی میں مزید مریضوں کے داخلے کی گنجائش نہیں، آغا خان اسپتال نے کورونا کے مزید مریضوں کو لینے سے منع کردیا۔۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے وار جاری ہیں، کورونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مزید 30 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد کے قریب ہو گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں۔سجل علی نے بھارت کی معروف اداکارہ سونم باجوہ کو اپنا دیوانہ بنا دیا