کچے میں آپریشن کا آٹھواں روز، 4 ڈاکو ہلاک، 8 سہولت کار گرفتار

Apr 16, 2023 | 11:26:AM
کچے میں آپریشن کا آٹھواں روز، 4 ڈاکو ہلاک، 8 سہولت کار گرفتار
کیپشن: وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پولیس کی معاونت کیلئے پاک فوج کی 6 بکتر بند گاڑیاں بھی کچے کے علاقے میں پہنچ گئیں۔
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(زبیر احمد) سندھ اور پنجاب کے کچے کے علاقوں میں پولیس کا گرینڈ آپریشن آٹھویں روز بھی جاری ہے جس میں اب تک 4 ڈاکوؤں کو ہلاک کیا جا چکا ہے جبکہ 8 سہولت کار گرفتار ہوئے ہیں۔

ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانوں کو آگ لگا دی گئی ہے اور متعدد سہولت کاروں  کو حراست لیا گیا ہے، انڈس ہائی وے اور دیگر سڑکوں پر پولیس کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔

عرفان سموں کا کہنا ہے کہ مغویوں کو باحفاظت بازیاب کرانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

دوسری جانب ڈی پی او مہر ناصر سیال نے کہا ہے کہ کچا چراغ شاہ میں جدید ہتھیاروں اور بکتر بند گاڑیوں سے پیش قدمی جاری ہے جہاں پر ڈاکوؤں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی جار ی ہے، فائرنگ کے تبادلے میں 1 اور ڈاکو ہلاک ہو گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کچے میں آپریشن، وزیر اعلی محسن نقوی کا آئی جی  پنجاب  کو فون، زخمی اہلکار کی خیریت دریافت کی

انہوں نے بتایا ہے کہ اب تک آپریشن میں 4 ڈاکو مار جا چکے ہیں اور 8 سہولت کار گرفتار کیے گئےہیں۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پولیس کی معاونت کیلئے پاک فوج کی 6 بکتر بند گاڑیاں بھی کچے کے علاقے میں پہنچ گئیں۔

   ذرائع کا کہنا ہے کہ جدید بکتر بند گاڑیوں کے ذریعے ڈاکوؤں کی پناہ گاہوں کو ختم کیا جائے گا۔

پاک فوج کے 15 سنائپرز بھی کچے کے علاقے میں پہنچ چکے ہیں، سنائپر گنز سے ڈاکوؤں کا خاتمہ کرکے کچے کو کلیئر کیا جائے گا، سنائپرز کے ذریعے دشمن کو دور سے ٹارگٹ کر کے پولیس کے دستے آگے بڑھیں گے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کچے کے علاقے سے آئندہ چند روز تک ڈاکوؤں اور دہشتگردوں کا مکمل طور پر صفایا کر دیا جائے گا، گزشتہ 6 روز سے کچے کے علاقے میں پنجاب پولیس کے 11 ہزار اہلکار اور افسران آپریشن کر رہے ہیں۔