نادرا کی پاک آئی ڈی ایپ کی مقبولیت نئے ریکارڈ قائم کرنے لگی
قومی شناختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور دیگر خدمات گھر بیٹھے حاصل کی جا رہی ہیں
Stay tuned with 24 News HD Android App
( کلیم اختر)نادرا کی ڈیجیٹل سروسز کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوگیااور پاک آئی ڈی ایپ کی مقبولیت نئے ریکارڈ قائم کرنے لگی۔
پاک آئی ڈی ایپ کے مجموعی ڈاؤن لوڈز کی تعداد ایک کروڑ اکیاسی لاکھ سے تجاوز کر گئی، نومبر 2025 سے مئی 2026 تک سات ماہ کے دوران ریکارڈ تعداد میں شہریوں نے پاک آئی ڈی ایپ ڈاؤن لوڈ کی ، صرف سات ماہ میں پاک آئی ڈی ایپ کے مجموعی ڈاؤن لوڈز 81 لاکھ 70 ہزار تک پہنچ گئے ہیں۔
اینڈرائیڈ صارفین پاک آئی ڈی ایپ کے سب سے بڑے صارف بن کر سامنے آئے ہیں،مجموعی ڈاؤن لوڈز میں اینڈرائیڈ صارفین کی تعداد 71 لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر گئی،آئی او ایس پلیٹ فارم پر بھی پاک آئی ڈی ایپ کے استعمال میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا،آئی او ایس صارفین کی جانب سے 10 لاکھ 50 ہزار سے زائد ڈاؤن لوڈز ریکارڈ کیے گئے۔
مارچ سے مئی 2026 کے دوران پاک آئی ڈی کے ذریعے 13 لاکھ 61 ہزار 537 درخواستیں جمع کروائی گئیں،شہریوں نے شناختی دستاویزات کے حصول کیلئے روایتی مراکز کے بجائے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا زیادہ استعمال کیا،مارچ 2026 کے دوران پاک آئی ڈی کے ذریعے 3 لاکھ 96 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں۔
یہ بھی پڑھیں:ایران امریکا مذاکرات میں بڑی پیش رفت، قطری وفد اچانک تہران پہنچ گیا
اپریل 2026 میں درخواستوں کی تعداد بڑھ کر 4 لاکھ 47 ہزار 799 تک جا پہنچی،مئی 2026 کے دوران پاک آئی ڈی پر درخواستوں کی تعداد مزید بڑھتے ہوئے 5 لاکھ 17 ہزار 696 ریکارڈ کی گئی،صرف تین ماہ کے دوران آن لائن درخواستوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
پاک آئی ڈی ایپ کے ذریعے قومی شناختی کارڈ، ب فارم، فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ اور دیگر خدمات گھر بیٹھے حاصل کی جا رہی ہیں۔