چودھری پرویز الہٰی کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کا رد عمل 

Sep 06, 2023 | 18:02:PM
چودھری پرویز الہٰی کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کا رد عمل 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(کفایت علی شاہ)پاکستان تحریک انصاف کی چودھری پرویزالہیٰ کی ظالمانہ اور قابلِ مذمت گرفتاری پر پی ٹی آئی کی ترجمان  نے ردعمل دیتے ہوئے عدلیہ کی آزادی و دستوری حیثیت پر باضاطہ حملہ قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق  چیف جسٹس آف پاکستان سے آئین کے بنیادی ڈھانچے اور عدلیہ کے وقار و آزادی کے تحفّظ کیلئے ہنگامی نوٹس کی استدعا  کی گئی ۔

 ترجمان تحریک انصاف  کا کہنا ہے کہ چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کے بعد تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویزالہٰی کی خلافِ قانون سفّاکانہ گرفتاری عدلیہ کی آزادی و دستوری حیثیت پر ننگا حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی وحشت اور ماورائے دستور و قانون جبر کا بےمثال جرات مندانہ استقامت اور ثابت قدمی سے مقابلہ کرنے پر قوم چیئرمین عمران خان، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور صدر چودھری پرویزالہٰی سمیت تمام قائدین اور کارکنان کو سلام پیش کرتی ہے،آئین کو غیرمتعلّق، شہری آزادیوں پر شب خون مارنے اور شہریوں کےبنیادی دستوری حقوق پامال کرنے کےبعد لاقانونیّت کے خواہاں ریاستی عناصر عدلیہ کی آزادی پر حملہ آور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دستور ریاست میں عدلیہ کو اپنے تابع مکمل آزاد اور خودمختارحیثیّت دیتا اور ریاستی مشینری کو عدالتی فیصلوں کے مکمل نفاذ کا پابند بناتا ہے،عدلیہ کو ماورائے دستور و جمہوریت قوتّوں کی اطاعت پر مجبور کرنے اور خلافِ آئین و قانون خواہشات کو جواز بخشنے کی ایک مشین میں بدلنے کی خواہش کوئی نئی نہیں۔

 ترجمان تحریک انصاف  کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف نے پوری قوم کے شانہ بشانہ اپنی عدلیہ کو ایک باوردی آمر کے پنجۂ استبداد سے آزاد کروانے کیلئے اگلی صفوں میں جدوجہد کی،چیئرمین عمران خان نے عدلیہ بحالی کی ملک گیر تحریک میں قید و بند کی صعوبتیں اٹھائیں جبکہ تحریک انصاف کے کارکنان نے ریاستی جبر کو اپنی پیٹھ پر برداشت کیا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو بدترین ریاستی عتاب کا نشانہ بنانے اور میڈیا کو پوری طرح اپنے شکنجے میں جکڑنے والی قوّتیں اب نہایت ڈھٹائی اور دیدہ دلیری سے عدلیہ کی کمر توڑنے میں مصروف ہیں،پاکستان کی بقا و سلامتی آئین کی بالادستی اور عدلیہ کی کامل آزادی میں پوشیدہ ہے،بدترین ریاستی جبر اور دستور سے مجرمانہ انحراف کے ماحول میں بھی تحریک انصاف عدلیہ کے وقار و آزادی پر کسی قسم کا حملہ گوارا کرنے پر آمادہ نہیں،معزز چیف جسٹس عدلیہ کی آزادی و تنظیم کے نگہبان، ادارے کے سربراہ کے طور پر اس کی حیثیّت و وقار کے تحفّظ کے ذمہ دار ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس ریاستی مشینری کی جانب سے عدالتی فیصلوں کے کھلے انحراف کی شکل میں عدلیہ کیخلاف ریاستی یلغار کا بلاتاخیر نوٹس لیں۔

 ترجمان تحریک انصاف   نے کہا کہ قانونی برادری اور سول سوسائٹی عدلیہ کی آئینی حیثیّت اور آزادی کے دفاع کیلئے ملک گیر سطح پر متحرّک ہو اور اس مقصد کیلئے ماضی میں کی جانے والی بےمثال قومی جدوجہد کے ثمرات کو ضائع ہونے سے بچانے کی تدبیر کریں،تحریک انصاف عدلیہ کی دستوری حیثیت اور آزادی کے دفاع کیلئے چیئرمین عمران خان کے ویژن کی روشنی میں ہرممکن تدبیر اختیار کرے گی۔