عثمان بزدار کےسیاسی رابطوں میں تیزی، ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کرینگے

Mar 05, 2021 | 14:58:PM
عثمان بزدار کےسیاسی رابطوں میں تیزی، ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کرینگے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکے سیاسی رابطوں میں تیزی آگئی، وزیر اعلی آج اسلام آباد میں ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات کریں گے، انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ اراکین قومی اسمبلی کل وزیراعظم عمران خان پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں گے۔

 تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار اراکین قومی اسمبلی سے حلقوں کے مسائل کے حل کیلئے مشاورت کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گزشتہ رات پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اراکین قومی اسمبلی کو عشائیہ دیا، جس میں گورنر پنجاب چودھری سرور، وفاقی وزراء شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، حماد اظہر، فواد چودھری، زرتاج گل، چیف وہیپ قومی اسمبلی عامر ڈوگر کے علاوہ اراکین قومی اسمبلی کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس میں سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر گفتگو ہوئی۔

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہم سب وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ایک ہیں، پیسے کی بدولت ایک سیٹ جیت کر واویلا مچانے والوں کی سیاسی، اخلاقی اور جمہوری ساکھ ختم ہوچکی ہے، پی ڈی ایم ملکی مفادات کے مخالف سمت چل رہی ہے، وزیراعظم اور شفاف پاکستان ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں، عمران خان نے قوم کو کرپشن کے خلاف اکٹھا کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈھائی برس میں ہماری حکومت کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں ہے، سابق ادوار میں ہر روز کرپشن کا نیا سکینڈل سامنے آتا تھا، قوم اور منتخب نمائندے کپتان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔