لیڈی ریڈنگ ہسپتال :آکسیجن کی کمی سے7 مریضوں کی حالت بگڑگئی

Apr 05, 2021 | 09:57:AM
آکسیجن کی کمی سے مریضوں کی حالت خراب
کیپشن: آکسیجن کی کمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)پشاور کےلیڈی ریڈنگ ہسپتال میں گذشتہ رات آکسیجن کی کمی کے باعث7 مریضوں کی حالت بگڑگئی۔

تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا (کے پی) نرسز الائنس نے دعویٰ کیا ہےکہ  گذشتہ رات آکسیجن کی کمی سے 7 مریضوں کی حالت بگڑگئی، یہ ساتوں مریض وینٹی لیٹر پر تھے، انہیں ایمبو بیگ کے ذریعے مصنوعی سانس اور طبی امداد فراہم کی گئی۔مریضوں کی حالت بگڑنے پر دوسرے وارڈ میں منتقلی کی ویڈیو بھی وائرل ہوگئی ہے، ویڈیو میں آکسیجن لگے مریض کو دوسرے وارڈ منتقل کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

 ذرائع کا کہنا ہےکہ 20 مریضوں کےگنجائش والے وارڈ میں 30 مریضوں کو رکھا گیا تھا، اضافی مریضوں کی وجہ سے آکسیجن کم ہوئی ، ہسپتال کے ایم ڈی کو ایک روز قبل آگاہ کیا گیا تھا۔دوسری جانب ترجمان ہسپتال محمدعاصم کا کہنا ہے کہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں وافرمقدارمیں آکسیجن ہے،مریضوں کوآکسیجن کی کمی پرمنتقلی کاکوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ مریضوں کو ایمرجنسی سے کورونا کمپلیکس شفٹ کرنا معمول کی بات ہے ، مریضوں کو ایمرجنسی سے کورونا کمپلیکس شفٹ کرنے کا آکسیجن سے کوئی تعلق نہیں ،آکسیجن کی بلا تعطل فراہمی شروع سے ہسپتال انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، یہاں سب سے بڑا کورونا کمپلیکس بنایا گیا ہے اور  ابھی تک بیڈزکی کمی نہیں ہوئی۔