پاکستانی کرکٹ ٹیم پریشانی  کا شکار۔ ہوٹل انتظامیہ نے رات کو اچانک کمرہ خالی کرا لیا

Dec 23, 2021 | 10:12:AM
ہوٹل انتظامیہ نے رات میں ہوٹل خالی کرا لیا،فائل فوٹو
کیپشن: ہوٹل انتظامیہ نے رات میں ہوٹل خالی کرا لیا،فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے قائد اعظم ٹرافی میں شریک ٹیموں کیلئے کراچی کے علاقے کلب روڈ پر واقع ہوٹل میں بکنگ کرائی تھی، تاہم تصدیق شدہ بکنگ صرف 22 دسمبر تک کی تھی  جبکہ پچیس دسمبر سے ہونیوالے فائنل کیلئے دو ٹیموں کی مزید بکنگ کو  بروقت کنفرم نہیں کیا گیا تھا۔

 تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ قائد اعظم ٹرافی کی فائنلسٹ ٹیموں ناردرن اور خیبر پختونخوا کو اس وقت پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑ ا جب مقامی فائیو اسٹار ہوٹل نے پاکستان کے اسٹار کھلاڑیوں سمیت تمام پلیئرز کو رات اچانک کمرے خالی کرنے کو کہہ دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ بورڈ کو ہوٹل انتظامیہ نے کہا تھا کہ ایک بڑے گروپ کی آمد کی وجہ سے 22 کے بعد کی بکنگ کنفرمیشن صرف پچھلی بکنگ کی منسوخی کی صورت میں ہوگی۔ اس کے بعد ہوٹل انتظامیہ اور پی سی بی میں رابطہ نہ ہوا اور 22 دسمبر کی شب اچانک پلیئرز کو ہوٹل خالی کرنے کو کہہ دیا گیا۔ ہوٹل انتظامیہ کے مزید رابطے نہ ہونے کی صورت میں پی سی بی کے متعلقہ محکمے نے از خود سوچ لیا کہ دونوں  ٹیموں کی بکنگ ہوگئی ہوگی۔

رابطے کے فقدان کی وجہ سے کھلاڑیوں کو آخری لمحات میں ہوٹل بدلنا پڑا، فائیو اسٹار ہوٹل میں مقیم کھلاڑی یکدم شاہراہ فیصل پر  واقع تھری اسٹار ہوٹل میں آگئے۔پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ دیگر اسٹینڈرڈ ہوٹلز میں درکار تعداد میں کمرے نہ ملنے کی صورت میں کھلاڑیوں کو بہترین ممکن جگہ شفٹ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں شریک دونوں ٹیموں میں پاکستان کے ٹاپ اسٹارز  بھی شامل ہیں۔
 یہ بھی پڑھیں:    وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار مصروف نہیں بہت ہی مصروف!!ٹک ٹاک پر دھوم