پشاورجلسہ: کسی صورت اجازت نہیں دینگے، اپوزیشن کے خلاف مقدمات درج کرینگے، یوسفزئی

Nov 21, 2020 | 13:35:PM
 پشاورجلسہ: کسی صورت اجازت نہیں دینگے، اپوزیشن کے خلاف مقدمات درج کرینگے، یوسفزئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

24نیوز: وزیر محنت و ثقافت خیبر پختونخوا نے کہا ہے کہ پشاور میں پی ڈی ایم جلسے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے، کرونا سے لوگوں کو نقصان پر اپوزیشن کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق شوکت یوسفزئی نے ایک بیان میں واضح  کیا ہےکہ اپوزیشن کو عوام کی نہیں کرپشن بچانے کی فکر ہے، کسی کو عوام کے جان و مال سے کھیلنے نہیں دیں گے، کرونا سے لوگوں کو نقصان پر اپوزیشن کے خلاف مقدمات درج ہوں گے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ پی پی دہرا معیار چھوڑ دے، سندھ میں لاک ڈاؤن اور کے پی میں جلسوں کے اعلان کا کیا مطلب ہے؟ کرونا صورت حال کے پیش نظر اپوزیشن پشاور جلسہ منسوخ کرے، پی ٹی آئی حکومت کے مخالفین بھی اپوزیشن سے جلسہ منسوخ کرنے کا کہہ رہے ہیں۔

گزشتہ روز صوبائی وزیر نے اپنے ایک ویڈیو رد عمل میں کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے اپوزیشن کو کرونا کی صورت حال پر بریفنگ دینے کے لیے وزرا کی کمیٹی تشکیل دی ہم نے اپوزیشن کو دعوت دی مگر انھوں نے بریفنگ لینے سے انکار کر دیا جو انتہائی افسوس ناک اور غیر جمہوری عمل ہے۔انھوں نے سوال اٹھایا کیا اپوزیشن رہنماؤں کے اپنے بچے جلسے میں شریک ہو رہے ہیں، یہ صرف دوسروں کے بچوں کو استعمال کرنا چاہتے ہیں؟

دوسری طرف جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے رد عمل میں کہا ہے کہ حکومت اعلان کر رہی ہے کہ پشاور میں جلسہ نہیں کرنے دےگی، اور اس کی وجہ کرونا کے پھیلاؤ کا خدشہ بتایا جا رہا ہے، لیکن وزیر اعظم نے سوات میں جلسہ کیا اور اب پی ڈی ایم کے جلسے کھٹک رہے ہیں۔

یاد رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے اراکین پہلے سخت ترین بندشیں چاہتے تھے، اور مجھ پر طنز و تنقید کے نشتر چلایا کرتے تھے، وہی آج زندگیاں خطرے میں ڈال کر عاقبت نا اندیش سیاست کر رہے ہیں، اور عدالتی احکامات ہوا میں اڑا کرکرونا کیسز میں تیز اضافے کے باوجود جلسے پر مصر ہیں۔