لاہور ایئرپورٹ پردھند کے ڈیرے،8پروازیں منسوخ،6 تاخیر کا شکار 

Dec 16, 2020 | 14:57:PM
لاہور ایئرپورٹ پردھند کے ڈیرے،8پروازیں منسوخ،6 تاخیر کا شکار 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) ملک بھر میں شدید سردی کی لہر جاری، لاہور ایئرپورٹ پر صبح سویرے شدید دھند  چھاگئی جس کے باعث 8پروازیں منسوخ اور 6 تاخیر کا شکار ہوگئیں،متعدد پروازوں کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ نا پڑا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر  دھند  کا راج رہا جس کے باعث درجنوں پروازوں کا شیڈول متاثر ہوگیا، ائیرپورٹ رن وے پر حد نگاہ 100 میٹر سے بھی کم ہونے پر شارجہ سے لاہور آنے والی پرواز 413 کو اسلام آباد ایئر پورٹ کی طرف موڑ دیا گیا، ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق ایئر بلیو کی پرواز 413  کافی دیر تک فضا میں چکر لگاتی رہی ،بعدازاں کنٹرول ٹاور نے پرواز کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا۔

دوسری جانب شارجہ سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز 186 کا رخ بھی اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

کویت سے آنے والی پرواز 203، پی آئی اے کی کراچی سے آنے والی پرواز 306، ایئر بلیو کی دبئی سے آنے والی پرواز 417، نجف سے آنے والی پرواز 341 اور لاہور سے نجف جانے والی پرواز 342 منسوخ کردی گئی۔اسی طرح ایئر بلیو کی دبئی جانے والی پرواز 416، پی آئی اے کی کراچی جانے والی پرواز 307 اور ایئر بلیو کی شارجہ جانے والی پرواز 412 بھی منسوخ کردی گئی۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق ترکش ایئر کی استنبول جانے والی پرواز 715 دو گھنٹے سے زائد تاخیر سے ساڑھے 10 بجے کے بعد روانہ ہوئی ، فلائی ناس کی ریاض جانے والی پرواز 318 دس گھنٹے سے زائد تاخیر کا شکار ہو کر دوپہر دوبجے کے بعد روانہ ہوئی۔اسی طرح اتحاد ایئر کی ابو ظہبی جانے والی پرواز 242 دو گھٹے سے زائد تاخیر سے روانہ ہوئی۔